کورونا کے پیش نظر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا دورہ ہند منسوخ

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہندوستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات میں تبدیلی لانے کے منصوبوں کا آغاز کرنے کے لئے دونوں فریق آنے والے دنوں میں ایک ورچوئل میٹنگ منعقد کریں گے۔‘‘

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن
برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن
user

یو این آئی

نئی دہلی: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا آئندہ ہفتے ہونے والا دورہ ہند منسوخ کردیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے پیر کے روز یہاں بتایا کہ برطانوی وزیر اعظم کا مجوزہ دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ہندوستان میں کورونا وائرس کی دوسری اور خطرناک لہر کے پیش نظر کیا گيا ہے، جس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ملک میں پچھلے کچھ دنوں سے روزانہ دو لاکھ سے زیادہ متاثرین رپورٹ ہورہے ہیں، جس کی وجہ سے حکام اختتام ہفتہ کی تالا بندی اور مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔تاہم، وزارت خارجہ نے آنے والے دنوں میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک ورچوئل میٹنگ منعقد ہونے کی بات کہی ہے۔

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہندوستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات میں تبدیلی لانے کے منصوبوں کا آغاز کرنے کے لئے دونوں فریق آنے والے دنوں میں ایک ورچوئل میٹنگ منعقد کریں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ جانسن نے گزشتہ ہفتے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر اپنے دورہ ہند کو مختصر کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ اس سے قبل 26 جنوری کو بھی انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کیا تھا جب انہیں 26 جنوری کی یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔