’سنگھ کو پرنب عزیز ہیں توگڑیا نہیں‘
آر ایس ایس کی تقریب میں پرنب مکھرجی کو مدعو کیا جانا اور ان کا ناگپور واقع آر ایس ایس کے ہیڈ کوارٹر سے خطاب کرنا لگاتار موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
ہندوستان کے سابق صدر پرنب مکھرجی گزشتہ روز ناگپور پہنچے اور آر ایس ایس کی تقریب سے خطاب کیا۔ اس سے ایک طرف جہاں کانگریس خیمہ میں ہلچل ہے تو دوسری طرف وشو ہندو پریشد کے سابق سربراہ پروین توگڑیا نے بھی اپنا درد بیان کر دیا ہے۔ توگڑیا نے کہا ، پرنب نہرو کو ماننے والے ہیں اور ہم ہیڈ گیوار اور ساورکر کے پیروکار ہیں۔ پھر بھی بی جے پی کو پرنب عزیز ہیں میں نہیں۔‘‘ پروین توگڑیا نے نئی تنظیم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
جمعہ کے روز پروین توگڑیا مدھیہ پردیش کے مندسور پہنچے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ فائرنگ میں ہلاک ہوئے کسانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں۔
پروین توگڑیا نے کہا، ’’24 جون کو میں ہندوتوا کی نئی مہم نئی تنظیم کا آغاز کروں گا۔ میں گزشتہ 50 سالوں سے ہندو مفاد کے لئے جو کام کر رہا ہوں اسے اب تیز کرنے جا رہا ہوں۔‘‘
توگڑیا نے بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا، ’’کسانوں پر قرض ہے اور وہ خودکشی کر رہے ہیں۔ یہ قرض اور خودکشی حکومت کی وجہ سے ہے۔ 2014 کے چناؤ میں بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ سوامی ناتھن کی سفارشات مان لی جائیں گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ‘‘
پرنب مکھرجی کے آر ایس ایس کی تقریب میں شامل ہونے کے تعلق سے پروین توگڑیا نے کہا، ’’آر ایس ایس کی تقریب میں پرنب مکھرجی نے گاندھی اور نہرو کے نظریہ کا ذکر کیا، ہم ساورکر اور ہیڈ گیوار کے پیروکار ہیں۔ بی جے پی کو پرنب مکھرجی عزیز ہیں ، پروین توگڑیا نہیں اس لئے نئی تنظیم بنانی پڑ رہی ہے۔ ‘‘
پروین توگڑیا نے کہا ، ’’ میں رام مندر کے لئے لڑوں گا اور کسانوں کی قرض معافی کے لئے بھی۔ وی ایچ پی صرف مذہبی معاملات دیکھتی ہے ، نئی تنظیم میں کسانوں سمیت دیگر مسائل بھی شامل ہوں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔