بی جے پی کو پھر لگا جھٹکا، ’مارکیٹنگ کمپنی‘ بتاتے ہوئے ریشما پٹیل نے دیا استعفیٰ

ریشما پٹیل نے گجرات بی جے پی صدر جیتو وگھانی کو استعفیٰ نامہ پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’حکومت ہمیں فرضی پالیسیوں کی مارکیٹنگ کرنے اور لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے کہتی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

گجرات بی جے پی کے لیے جمعہ کو ایک انتہائی بری خبر اس وقت سامنے آئی جب ریشما پٹیل نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ انھوں نے بی جے پی کو ایک مارکیٹنگ کمپنی قرار دیا اور کہا کہ اب اس پارٹی میں رہنا ممکن نہیں۔ ہاردک پٹیل کی قیادت میں پاٹیدار تحریک میں پیش پیش رہنے والی ریشما پٹیل نے اپنا استعفیٰ گجرات بی جے پی صدر جیتو وگھانی کو سونپا استعفیٰ دینے کے بعد ریشما پٹیل نے بتایا کہ وہ پوربندر سے بطور آزاد امیدوار لوک سبھا انتخاب لڑ سکتی ہیں۔

گجرات بی جے پی صدر جیتو وگھانی کے نام لکھی چٹھی میں انھوں کہا ہے کہ ’’بی جے پی اب صرف ایک مارکیٹنگ کمپنی بن گئی ہے اور ہمیں حکومت کی فرضی پالیسیوں اور فرضی منصوبوں کی مارکیٹنگ کرنے اور لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ میں لگاتار تکلیف اور ناانصافی ہوتے دیکھنا نہیں چاہتی اور اس لیے میں نے خود کو اس طرح کے تاناشاہی لیڈروں کی ناانصافی بھری شراکت داری سے آزاد کر لیا اور مفاد عامہ میں پارٹی سے استعفیٰ دے رہی ہوں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ دسمبر 2017 میں ہوئے گجرات اسمبلی انتخاب سے کچھ وقت پہلے ہی ریشما پٹیل بی جے پی میں شامل ہوئی تھیں۔ جب ریشما پٹیل کو پاٹیدار انامت آندولن سمیتی کے کچھ دیگر لیڈروں کے ساتھ بی جے پی میں شامل کیا گیا تھا تو انھیں ترجمان کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ لیکن بعد میں ریشما پٹیل نے کئی ایشوز پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی اپنے فرضی منصوبوں کی تشہیر کرانے کے لیے اپنے لیڈروں کا استعمال کرتی ہے اور اس کے لیے ان پر دباؤ بھی بناتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔