نرملا سیتارمن سے سوال، بی جے پی یووا مورچہ کنوینشن کے لئے فوجی زمین کیوں دی؟
وزارت دفاع نے بی جے پی یووا مورچہ کو کنوینشن کے لئے فوجی زمین دی ہے، کارگل جنگ لڑنے والے میجر ڈی پی سنگھ نے وزیر دفاع سے اس طرح کے فیصلوں کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
بی جے پی یووا مورچہ کو قومی کنوینشن کے انعقاد کے لئے وزارت دفاع نے فوج کی زمین دی ہے اور وزارت دفاع کےاس فیصلے کی زبردست تنقید ہو رہی ہے۔ ایک ویب سائٹ پر شائع خبر کے مطابق وزارت دفاع نے حیدرآباد کے سکندرآباد کینٹ کے بسون پولو گراؤنڈ پر بی جے پی یووا مورچہ کو قومی کنوینشن کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہ کنوینشن 23 سے 28 اکتوبر کے درمیان ہوگا۔ فوج کے کئی افسران نے اس پر اعتراض درج کیا ہے۔
کارگل جنگ میں لڑنے والے میجر ڈی پی سنگھ نے وزیر دفاع نرملا سیتارمن سے اس فیصلے کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’’ایک جانب عام لوگوں کی بدعنوانیوں اور غلط استعمال کی وجہ سے برباد ہونے والی چیزوں کو سدھارنے کے لئے فوج کا استعمال ہوتا ہے اور دوسری جانب سلامت رکھی گئی چیزوں کو ان کے (عام لوگوں) لئے کھولا جا رہا ہے‘‘۔
میجر ڈی پی سنگھ کے ٹوئٹ کو کانگریس کے سینئر رہنما ششی تھرور نے ہاتھوں ہاتھ لیتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کو شرمنانک بتایا۔ تھرور نے پوچھا ’’ہندوستانی فوج کب سے بی جے پی کی اتحادی بن گئی ہے؟‘‘۔
میجر ڈی پی سنگھ کے علاوہ کئی فوجی افسران نے بھی اس اقدام کو غلط بتایا اور نرملا سیتارمن کو ٹیگ کرتے ہوئے ان سے جواب مانگا ہے۔ سابق فوجی روہت اگروال نے لکھا ہے ’’کینٹ میں سیاسی ریلی کرنا غلط ہے۔ کینٹ کو کھولنے کی بات اب سمجھ میں آ رہی ہے اور ہمارے افسران ایسے ناکارہ ہیں جو کوئی اسٹینڈ نہیں لے پا رہے ہیں‘‘۔
ابھی تک وزیر دفاع یا وزارت دفاع کی جانب سے اس تعلق سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Oct 2018, 8:01 AM