ٹوئٹر پر اب ’بلو‘ کے علاوہ ’گرے‘ اور ’گولڈ‘ ٹک بھی دکھائی دے گا، ایلن مسک کے ٹوئٹ سے انکشاف
ٹوئٹر آئندہ جمعہ یعنی 2 دسمبر کو اپنی بلو چک سبسکرپشن فیچر کو پھر سے لانچ کرے گا جس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم تنظیموں اور مشہور اشخاص کے لیے الگ الگ رنگ کے ٹک مارک کا استعمال کر سکیں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر ان دنوں کئی طرح کی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے۔ ٹوئٹر کے نئے سی ای او ایلن مسک نہ صرف اس پلیٹ فارم کو ایک نئی شکل دینے کی راہ پر گامزن ہیں، بلکہ انتظامی سطح پر بھی بڑی تبدیلیاں کر رہے ہیں۔ اس درمیان کچھ ایسی خبریں سامنے آئی ہے جو ٹوئٹر استعمال کرنے والوں کے لیے بہت اہم ہیں۔ ایک خبر تو یہ ہے کہ آئندہ جمعہ تک ’بلو چیک سبسکرپشن‘ سروس کی ری-لانچنگ ہونے والی ہے، اور دوسری خبر یہ ہے کہ اب آپ کو ’بلو‘ کے علاوہ ’گرے‘ اور ’گولڈ‘ ٹوئٹر ٹک مارک بھی دکھائی دیں گے۔
بلو کے علاوہ گرے اور گولڈ ٹک مارک سے متعلق بات کا انکشاف ایلن مسک کے ایک ٹوئٹ سے ہوا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ٹوئٹر آئندہ جمعہ یعنی 2 دسمبر کو اپنی بلو چک سبسکرپشن فیچر کو پھر سے لانچ کرے گا جس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم تنظیموں اور مشہور اشخاص کے لیے الگ الگ رنگ کے ٹک مارک کا استعمال کر سکیں گے۔ ایلن مسک نے بتایا ہے کہ ’’کمپنیوں کے لیے گولڈ چیک، حکومتوں کے لیے گرے چک، مشہور ہستیوں یا دیگر اشخاص کے لیے بلو چک ہوگا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا ہے کہ چک ایکٹیو ہونے سے پہلے سبھی ویریفائیڈ اکاؤنٹس کو مینوئل طریقہ سے سرٹیفائی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر نے حال ہی میں اپنی اعلان کردہ 8 ڈالر والی بلو چک سبسکرپشن سروس پر روک لگا دی تھی۔ ایسا اس لیے کیا گیا تھا کیونکہ اس سے فرضی اکاؤنٹس تیزی کے ساتھ بڑھ گئے تھے۔ اس کے بعد کہا گیا تھا کہ مطالبہ کے بعد بلو چک سبسکرپشن سروس 29 نومبر کو پھر سے شروع کی جائے گی۔ ٹوئٹر بلو کے لیے صارفین کو فیس ادا کرنی ہوگی۔ ہندوستانیوں سے ماہانہ 719 روپے لیے جائیں گے، حالانکہ یہ 8 ڈالر فیس سے زیادہ ہے۔ دراصل ٹوئٹر بلو سے متعلق پہلے ہی مسک نے کہا تھا کہ مختلف ممالک میں پرچیزنگ پاور کے حساب سے قیمت طے ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔