اسلام مخالف کارٹون مقابلہ سے عدم برداشت اور نفرت بڑھے گی

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ڈچ ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے ہالینڈ میں اسلام مخالف کارٹون مقابلے کے انعقاد کے منصوبے پر کہا ہے کہ اس سے نفرت اور عدم برداشت کو فروغ ملے گا۔

اسلام مخالف کارٹون مقابلہ
اسلام مخالف کارٹون مقابلہ
user

ڈی. ڈبلیو

ڈچ قدامت پسند سیاستدان گیئرٹ ولڈرز نے رواں برس کے اواخر میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کا ایک مقابلہ کروانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ڈچ ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر کی گئی گفتگو میں کہا ہے کہ ایسے مقابلوں کے انعقاد سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد حکومت اس معاملے پر کئی دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ بھی بات چیت کرے گی۔ قریشی کا کہنا تھا، ’’ہم اس مسئلے کو کئی سطحوں پر سامنے لا رہے ہیں۔ ہم نے اقوام متحدہ سے بھی رابطہ کیا ہے اور یورپی یونین سے بھی۔‘‘

ہالینڈ کے وزیر خارجہ سٹیف بلوک کی خاتون ترجمان نے بلوک اور قریشی کے مابین ہونے والی گفتگو کے حوالے سے بتایا کہ ڈچ وزیر خارجہ نے اپنی پاکستانی ہم منصب پر واضح کیا ہے کہ ڈچ حکومت نے ولڈرز کے اس اقدام کی حمایت نہیں کی ہے۔

گزشتہ ہفتے جمعے کے روز ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک رٹے نے بھی اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ ولڈرز اپنے اس عمل کے ذریعے ’کون سا مثبت مقصد‘ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم رٹے کا یہ بھی کہنا تھا کہ ولڈرز ہالینڈ میں رائے کے اظہار کی آزادی کا اپنا حق استعمال کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Aug 2018, 6:06 AM