’امول‘ نے رقم کی نئی تاریخ، اب امریکہ میں بھی پیا جائے گا ہندوستانی دودھ
امریکہ میں ’امول‘ دودھ فروخت کرنے کے لیے گجرات کو-آپریٹو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن (جی سی ایم ایم ایف) نے امریکہ کی 108 سال پرانی ڈیری (مشیگن ملک پروڈیوسرز ایسو سی ایشن‘ سے معاہدہ کیا ہے۔
آپ نے ’امول‘ دودھ کے اشتہار کا مشہور جملہ ’امول دودھ پیتا ہے انڈیا‘ ضرور سنا ہوگا، لیکن اب امول دودھ صرف انڈیا ہی نہیں، امریکہ بھی پیے گا۔ جی ہاں، امول کمپنی کا دودھ اب امریکہ میں بھی فروخت ہوگا اور اس سلسلے میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی امول برانڈ کی مالک گجرات کو-آپریٹو مِلک مارکیٹنگ فیڈریشن نے ایک نئی تاریخ بھی رقم کر دی ہے۔ امریکہ میں پہلی بار کسی ہندوستانی ڈیری کی انٹری ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں ’امول‘ کمپنی کا دودھ فروخت کرنے کے لیے گجرات کو-آپریٹو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن (جی سی ایم ایم ایف) نے امریکہ کی 108 سال پرانی ڈیری (مشیگن ملک پروڈیوسرز ایسو سی ایشن‘ سے معاہدہ کیا ہے۔ اس بارے میں جی سی ایم ایم ایف منیجنگ ڈائریکٹر جین مہتا نے کو-آپریٹو کی سالانہ میٹنگ میں اعلان کیا۔ یہ پہلی بار ہے جب امول برانڈ کا تازہ دودھ ہندوستان سے باہر امریکہ جیسے مارکیٹ میں لانچ کیا جا رہا ہے۔ امریکہ میں ہند نژاد کی ایک بڑی آبادی ہے، اور ان کے لیے یہ کسی خوشخبری سے کم نہیں ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ امول دودھ کو امریکہ میں ایک گیلن (3.8 لیٹر) اور نصف گیلن (1.9 لیٹر) کی پیکیجنگ میں فروخت کیا جائے گا۔ امریکہ میں 6 فیصد کریم والا امول گولڈ برانڈ، 4.5 فیصد کریم والا امول شکتی برانڈی، 3 فیصد کریم والا امول تازہ اور 2 فیصد کریم والا امول سلم برانڈ کو مارکیٹ میں اتارنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔ ان برانڈس کو ابھی ایسٹ کوسٹ اور مڈل ویسٹ مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔