اکھلیش نے مودی حکومت پر آئینی اداروں کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا
سماجوادی پارٹی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کے سادہ لوح عوام کو گمراہ کرنے کا کام کیا ہے۔جہاں کسانوں کو دھوکہ دیا ہے وہیں نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ بھی کھلواڑ کیا ہے۔
لکھنؤ: سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے سی بی آئی معاملہ پر مرکز کی نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جمعہ کے روز کہا کہ مرکز میں برسراقتدار پارٹی آئینی اداروں کو کمزور کرنے اور انہیں توڑنے کا کام کرہی ہے۔ پارٹی دفتر میں طلبا کے نمائندوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے مزید کہا کہ ایک ایک ادارے پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔ایسا پہلی بار نہیں ہےکہ مرکزی حکومتوں نے سی بی آئی کا غلط استعمال کیا ہے اور اپوزیشن کو ڈرانے دھمکانے کا کام کیا ہے۔
اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ مرکز کی موجودہ نریندر مودی حکومت کی غلط پالیسیوں اور فیصلوں کی وجہ سے بینکنگ سسٹم تباہ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگی طیارہ رافیل کے سودے پر حکومت کی نیت اگر واقعی صاف ہے تو اسے اپوزیشن کے ہر سوال کا جواب کھل کر دینا چاہیے۔اور اسے مطمئن کرنا چاہئے مگر بی جے پی لاکھ کہیے کہ اس کا دامن صاف ہے لیکن اس سفیدی پر داغ کے دھبے زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔
مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کے سادہ لوح عوام کو گمراہ کرنے کا کام کیا ہے۔جہاں کسانوں کو دھوکہ دیا ہے وہیں نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ بھی کھلواڑ کیا ہے۔ گنا کسانوں کا ابھی بھی آٹھ ہزار کروڑروپئے باقی ہیں۔ آلو کسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کئی لاکھ ہیکٹر زمین پر پانی پہنچانے کا دعوی کرتے ہیں پر یہ نہیں بتاتے کہ وہ زمین کہاں ہے۔ کسانوں کا قرض معاف کیا ہے۔نوجوانوں کو روزگار کہاں ملا ہے اس بارے میں کسی قسم کی کوئی تفصیل حکومت نہیں دیتی ہے۔
سابق وزیر اعلی نے کہا کہ سال 2014 اور 2017 کے انتخابات میں بی جے پی لیڈروں نے جو وعدے کئے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا ۔ بی جے پی لیڈروں نے ارادہ کر رکھا ہے کہ ایک بھی کام عوامی مفاد میں نہیں ہونا چاہیے۔ کرشی کمبھ کے نام پر کسانوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی گئی ہے؎۔ بی جے پی کے پاس جھوٹ بولنے کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یوگی مودی رام میں کسانوں سو نہیں پارہا ہے۔ساڑھے چار سال میں 40 ہزار سے زیادہ کسانوں نے خودکشیاں کی ہیں۔ جو سرمایہ کار آئے تھے۔ وہ کہاں گیے۔کسانوں کی آمدنی دوگنی ہوتی تو کاروباریوں کا بھی فائدہ ہوتا۔
مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی اسرائیل کی نئی تکنیک لانے کی بات کرتی ہے۔قنوج میں پرفیوم پارک کانام بدل دیا۔ ایکسپریس وے کے کنارے منڈیاں اور نئی یونیورسٹی، میدیکل کالج بنانے تھے بی جے پی حکومت نے ان پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نہ کوئی سڑک بنائی، جو سڑکیں سماج وادی حکومت میں بنی تھی ان میں بھی گڈھے کر دیے، بی جے پی کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سےدوہزار لوگوں کے پاس ہی ملک کی ساری دولت سمٹ گئی ہے۔
سابق وزیر اعلی نے کہا کہ ذات پر مبنی سیاست اور فرقہ وارانہ منافرت کی وجہ سے سماج کا تانا بانا بگڑ رہا ہے۔ بی جے پی بنیادی مسائل غریبی، فاقہ کشی، بیماری ، بدعنوانی سے عوام کا دھیان بھٹکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن اب نئی نسل جو پہلی بار ووٹ ڈالیں گے اسے سماج وادی پارٹی پر ہی بھروسہ ہے۔ نئی نسل کا مستقبل سماج وادی پارٹی ہی میں محفوظ ہے۔ نوجوان جدوجہد اور محنت کی بنیادپر آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے بہت گمراہ کر لیا ہےاب عوام کو بی جے پی کا اصلی چہرہ دکھائی دینے لگا ہے۔ بدلتے وقت میں سماج وادی نظریات اور اس کے اصول ملک کو آگے لے جائیں گے۔
ایس پی سربراہ نے سبھی نومنتخب طلبا یونین کے ذمہ داروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ طلبا یونین کے صدر سماج وادی نے جیتے ہیں۔الہ آباد طلبا یونین انتخاب میں ایس پی کے سبھی امیدوار جیتے ہیں۔ ہار کے بعد بھی بی جے پی کے لوگوں نے ہاسٹلوں میں جو توڑ پھوڑ کی ہے ۔ پورے ملک نے دیکھا ہے۔ گورکھپور میں تو حکومت نے طلبا یونین کا انتخاب ہونے ہی نہیں دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔