کانگریس کی بجائے ملک کہیں بی جے پی سے ہی پاک نہ ہو جائے ۔ احمد پٹیل
احمد آباد کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے سیاسی سکریٹری احمد پٹیل نے آج کہا کہ حکمراں بی جے پی کو دیکھنا چاہئے کہ کانگریس سے پاک ہندوستان بنانے کے چکر میں کہیں ملک بی جے پی پاک نہ ہو جائے۔ گجرات راجیہ سبھا انتخابات میں اپنی جیت کے بعد صبح یہاں صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو ہر ہتھکنڈے اپنانے کے بعد بھی ملنے والی اس شکست سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ صرف طاقت و قو ت کے طور پر سچ کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ کانگریس سے پاک ہندوستان کی بات کرنے والی بی جے پی کو سمجھنا چاہئے کہ ایسا کرتے کرتے کہیں ملک بی جے پی سے پاک نہ ہو جائے۔ مسلسل پانچویں بار راجیہ سبھا رکن منتخب کئے گئے مسٹر پٹیل نے کہا کہ انہوں نے اپنے طویل سیاسی زندگی میں بہت سے الیکشن لڑے ہیں مگر یہ سب سے مشکل تھا۔ اس کی وجہ اس میں مرکز اور ریاست میں حکمراں بی جے پی کے ہر ہتھکنڈے اپنانا اور براہ راست طور پر انہیں نشانہ بنایا جانا تھی۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے ساتھ سخت ٹکر اور ڈرامائی واقعات کے درمیان وہ جیت کے لئے ضروری کم از کم 44 ووٹ حاصل کرکے فاتح بنے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ ان کی جیت نے پارٹی میں نئی جان پھونک دی ہے اور اس سال ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات میں بھی یقینی طور پر کانگریس کی ہی جیت ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Aug 2017, 2:15 PM