کانپور میں زیکا وائرس کا قہر جاری، 13 نئے مریضوں کی شناخت

کانپور میں زیکا وائرس کے انفیکشن میں لگاتار اضافہ کی وجہ سے مریضوں کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ شہر میں ہفتہ کے روز زیکا وائرس کے 13نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد متاثرین کی کل تعداد 79 ہو گئی ہے

زیکا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
زیکا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کانپور: اتر پردیش کے ضلع کانپور میں زیکا وائرس کے انفیکشن میں لگاتار اضافہ کی وجہ سے مریضوں کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ شہر میں ہفتہ کے روز زیکا وائرس کے 13نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد متاثرین کی کل تعداد 79 ہو گئی ہے۔

مقامی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق نئے مریضوں میں 10مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شہر میں اب تک 55 مرد اور 24 خواتین زیکا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ متاثرہ مریضوں کا علاج مقامی اسپتال میں چل رہا ہے لیکن محکمہ صحت کے لئے کانپور میں زیکا وائرس کے آغاز کا پتہ لگانے میں اب تک ناکام رہنا انتظامیہ کے لئے تشویش کا باعث ہے۔


ماہرین کے مطابق زیکا وائرس کے انفیکشن کا آغاز کہاں سے ہوا اس کا پتہ نہ لگ پانے کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ موصولہ معلومات کے مطابق زیکا وائرس سے شہر میں سب سے زیادہ مریض ائیر پورٹ احاطے، تیواری پور بغیا اور بدلی پوروا سمیت دیگر علاقوں میں ملے ہیں۔

محکمہ صحت نے زیکا وائرس کے انفکشن کے علامت والے اب تک 3200 سے زیادہ نمونے جمع کر کے جانچ کے لئے لکھنؤ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی اور پونے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرو لاجی بھیجا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق زیکا وائرس کا انفیکشن ماہ نومبر میں تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔ اس وجہ سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے شبہ کے پیش نظر انتظامیہ نے ہر حالات سے نمٹنے کے احتیاطی انتظامات کرنے کی محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔