وائی ایس شرمیلا آندھرا پردیش کانگریس کی صدر مقرر
کانگریس نے وائی ایس شرمیلا کو پارٹی کی آندھرا پردیش یونٹ کا صدر مقرر کر دیا، شرمیلا آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن اور سابق وزیر اعلیٰ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی بیٹی ہیں
امراوتی: انڈین نیشنل کانگریس نے منگل کو وائی ایس شرمیلا کو پارٹی کی آندھرا پردیش یونٹ کا صدر مقرر کیا ہے۔ قبل ازیں، گیدوگو رودر راجو نے پارٹی صدر کے عہدے سے استعفی دے دیا، جس کے ایک دن بعد اے آئی سی سی کے چیئرمین ملکارجن کھڑگے نے شرمیلا کو آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کر دیا۔
کھڑگے نے رودر راجو کو کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈوبلیو سی) میں خصوصی مدعو رکن مقرر کیا ہے۔ شرمیلا آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن اور سابق وزیر اعلیٰ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے 4 جنوری کو وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی (وائی ایس آر ٹی پی) کو کانگریس پارٹی میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ شرمیلا نے آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کی سربراہ مقرر کئے جانے پر کانگریس صدر کھڑگے، پارٹی لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور کے سی وینوگوپال کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ایکس پر پوسٹ کیا، ’’میں پوری عہد مندی اور ایمانداری سے آندھرا پردیش میں پارٹی کو اس کے سابقہ وقار کی از سر نو تعمیر کے لیے کام کرنے کا وعدہ کرتی ہوں۔‘‘ انہوں نے آندھرا پردیش کے اے آئی سی سی انچارج مانیکم ٹیگور کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ہر ایک کانگریس کارکن کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہاں ہیں۔
شرمیلا نے کہا کہ وہ رودر راجو اور ریاست میں پارٹی کے ہر دوسرے لیڈر کی حمایت چاہتی ہیں جن کے تجربہ کی بنیاد پر وہ طے شدہ اہداف تک پہنچنا چاہتی ہیں۔ شرمیلا نے 2021 میں تلنگانہ کی سیاست میں قدم رکھا تھا اور وائی ایس آر ٹی پی تشکیل دی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔