اب مظفر نگر میں دلتوں کا ہنومان مندر پر قبضہ، پجاری کو باہر نکالا
مظفر نگر میں دلت کرانتی دل کے بینر تلے دلتوں نے ہنومان مندر پر قبضہ کر لیا۔ اس دوران انہوں نے پجاری کو باہر نکال دیا اور خود مندر کی کمان سنبھال لی، انہوں نے مندر پر اپنا بینر بھی لگا دیا۔
مظفر نگر: جب سے وزیراعلیٰ اترپردیش آدتیہ ناتھ یوگی نے ہنومان کو دلت قرار دیا ہے تبھی سے دلتوں نے ہنومان مندر پر قبضہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ آگرہ اور لکھنؤ کے بعد اب مظفر نگر شہر کے ہنومان چوک پر واقع ہنومان مندر پر دلتوں نے قبضہ کر لیا اور اس پر دلت مندر کا بینر لگا دیا۔
دلت سماج کے افراد کا کہنا ہے کہ جب ہنومان دلت تھے تو پھر ملک کے تمام ہنومان مندروں پر دلتوں کا قبضہ ہونا چاہیے اور ان مندروں میں پجاری بھی دلت طبقہ کا ہی ہونا چاہیے۔
مظفر نگر میں دلت کرانتی دل کے بینر تلے دلتوں نے ہنومان مندر پر قبضہ کر لیا۔ اس دوران انہوں نے پجاری کو باہر نکال دیا اور خود مندر کی کمان سنبھال لی، انہوں نے مندر پر اپنا بینر بھی لگا دیا۔
مظفرنگر ہنومان چوک پر واقع ہنومان مندر پر منگل کے روز دلت سماج کے درجنوں افراد پہنچے اور اس پر قبضہ کر لیا۔ دلتوں نے مندر کے پجاری کو باہر نکال دیا اور خود وہاں قابض ہوگئے۔ دلتوں نے قبضہ کرنے کے بعد مندر میں پوجا بھی کی۔ دلت سماج نے مندر پر اپنا بینر بھی لگا دیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ کا ماحول کشیدہ ہو گیا۔ جیسے ہی پولس کو اس واقعہ کی طلاع ملی اس کے ہاتھ پیر پھول گئے۔ فوراً مظفرنگر کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور پولس نے سختی اختیار کرتے ہوئے بالمیکی سماج کے افراد کو مندر کے احاطے سے باہر نکالا۔
اس موقع پر دلت سماج کے افراد کا کہنا تھا کہ جب وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے بذات خود ہنومان کو دلت بتایا ہے تو پھر مندروں پر انہیں کا حق بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سے ہنومان مندر پر پجاری دلت سماج سے ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کا اگلا ہدف نئی منڈی میں واقع بالا جی دھام مندر ہوگا۔
دلتوں کے ہنگامہ کے پیش نظر پولس نے دیگر ہنومان مندروں پر اضافی فورس تعینات کردی ہے۔ دلتوں کے اس قدم سے جہاں دلتوں میں جوش وخروش کا ماحول ہے وہیں ہندو فرقہ میں غصہ کی لہر پائی جارہی ہے۔ موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے علاقہ میں پولس فورس تعینات کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے راجستھان میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہنومان کو دلت قرار دیا تھا۔ اس بیان پر بھیم آر می کے سربراہ چندر شیکھر نے مظفر نگر میں کہا تھا کہ اگر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ہنومان کو دلت بتا رہے ہیں تو ملک کے تمام ہنومان مندروں پر دلتوں کا قبضہ ہونا چاہیے۔ انہوں یہ بھی کہا تھا کہ ہنومان مندروں میں پجاری بھی دلت طبقہ کا ہی ہونا چاہیے۔
(عارف عثمانی کے ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Dec 2018, 9:09 PM