انڈیا گروپ کی نوجوان تنظیموں نے پیپر لیک دھاندلی کی سخت مذمت کی
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بارہا حکومت سے اس مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا ہے لیکن مودی حکومت اس مسئلہ پر خاموش ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا گروپ کی نوجوانوں کی تنظیم بھارتیہ یوتھ فرنٹ نے کہا کہ میڈیکل کے داخلے کے امتحان نیٹ ۔یو جی میں بڑی دھاندلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لاکھوں طلباء کے مستقبل سے کھلواڑ ہوا ہے لہٰذا اس کی جامع تحقیقات کرائی جائے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
پریس کانفرنس میں تنظیم کے رہنماؤں نے پیپر لیک دھاندلی کے لیے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور طلبہ کو جلد از جلد انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انڈیا گروپ کے جو لیڈر اس دوران موجود تھے ان میں یوتھ کانگریس کے صدر سرینواس بی وی، سماج وادی یواجن سبھا کے صدر فہد عالم، سی وائی ایس ایس کے قومی انچارج انوراگ، یووا شیوسینا کے صدر ورون، آر جے ڈی یووا کے صدر عین احمد، ایم وائی ایل کے صدر آصف انصاری، جن ادھیکار پارٹی کے یوتھ صدر منیش یادو، سی پی آئی (ایم) یوتھ صدر ہمنگ راج، اے آئی وائی ایف یوتھ صدر ششی کمار، ڈی وائی ایف یوتھ صدر انیربان بھٹاچاریہ اور بہت سے دیگر شامل ہیں۔
سری نواس نے کہا کہ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی نیٹ ۔ یو جی امتحان میں دھاندلی اور پیپر لیک ہونے کے معاملے سے بھاگ رہے ہیں، وزیراعظم مودی کے پاس من کی بات کے لیے وقت ہے لیکن ان کے پاس نوجوانوں کے لیے اتنا بھی وقت نہیں ہے کہ اس معاملے پر ایوان میں کھل کر بات کریں۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بارہا حکومت سے اس مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا ہے لیکن مودی حکومت اس مسئلہ پر خاموش ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔