راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر یوتھ کانگریس نے اچھا کام کرنے والے 75 نوجوانوں کو اعزاز بخشا
یوتھ کانگریس نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے یومِ پیدائش پر ’راجیو ایک سنکلپ‘ تقریب منعقد کیا اور ساتھ ہی بلڈ ڈونیشن کیمپ، نمائش پروگرام وغیرہ کا بھی انعقاد کیا۔
انڈین یوتھ کانگریس نے ہفتہ کو ملک کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی جینتی کے موقع پر دہلی کے تالکٹورہ اسٹیڈیم میں ’راجیو ایک سنکلپ‘ پروگرام کا انعقاد کیا۔ ساتھ ہی بلڈ ڈونیشن کیمپ، راجیو گاندھی کی زندگی پر مبنی ایک نمائش پروگرام بھی منعقد کیا اور کورونا بحران میں بہترین کام کرنے والے ملک کے 75 نوجوانوں کو اعزاز سے نوازا۔ علاوہ ازیں محروم طبقہ، معذوروں اور ضرورت مند 250 خواتین کو سلائی مشین تقسیم کی گئی۔ تقریب کے دوران باصلاحیت طلبا و طالبات نے رقص کے ذریعہ حب الوطنی کا جذبہ لوگوں میں پیدا کیا۔
اس موقع پر انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر شرینواس بی وی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی ہندوستان کے لال تھے، اپنے مضبوط عزائم سے انھوں نے مادرِ وطن کی عزت بڑھائی۔ راجیو جی ہمیشہ زندہ رہیں گے اس ملک کی ترقی میں، رفتار میں، اتحاد میں، سالمیت میں اور ہم سبھی کے دلوں میں۔
راجیو گاندھی جدید ہندوستان کے معمار تھے، جنھوں نے ہندوستان کو مضبوط اور خود کفیل بنانے کی سمت میں کام کیا۔ ان کی دور اندیشی کا فائدہ ملک آج بھی اٹھا رہا ہے۔ ان کی ہی دور اندیشی نے ہندوستان کو مضبوط، جدید ممالک کے درجہ میں کھڑا کیا ہے۔
اس پروگرام میں کانگریس پارٹی کے ٹریزرار پون بنسل نے کہا کہ راجیو گاندھی کی قیادت میں ہندوستان نے ترقی کی اونچائیاں چھوئی تھیں۔ انھوں نے ملک کے ہر طبقہ کی ترقی کی طرف دھیان دے کر انھیں مضبوط کرنے کا کام کیا۔ انھوں نے امن قائم کرتے ہوئے ملک میں ترقی کا راستہ ہموار کیا، 40 سال کی عمر میں وزیر اعظم بننے والے راجیو گاندھی نے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھنے کی سمت میں کام کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔