قومی راجدھانی میں کم تعداد میں کورونا ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں، یوتھ کانگریس کا دہلی حکومت پر الزام

وتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس نے دہلی کے ایل جی انل بیجل کو مکتوب پیش کرتے ہوئے گزارش کی ہے کہ اگلے 15 دنوں تک یومیہ کم از کم ایک لاکھ ٹیسٹ کرائے جائیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: انڈین یوتھ کانگریس نے دہلی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ راجدھانی میں کم تعداد میں کورونا کے ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں۔ یوتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس نے دہلی کے ایل جی انل بیجل کو مکتوب پیش کرتے ہوئے گزارش کی ہے کہ اگلے 15 دنوں تک یومیہ کم از کم ایک لاکھ ٹیسٹ کرائے جائیں اور یہ یقینی بنایا جائے کہ پازیٹو معاملے والے لوگوں کو آکسیجن بیڈ فراہم ہوں۔

یوتھ کانگریس کے نمائندہ وفد نے کہا کہ ’’قومی راجدھانی میں ٹیسٹ پازیٹوٹی شرح 30 فیصد کے قریب ہے لیکن ٹیسٹوں کی تعداد ایک لاکھ سے گھٹا کر 40 ہزار کر دی گئی۔‘‘ یوتھ کانگریس کا الزام ہے کہ دہلی حکومت اس طرح ٹیسٹ کم کر کے کورونا معاملوں کی حقیقی تعداد کو چھپاکر وبا کی تیسری لہر کو سنبھالنے کی اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔


یوتھ کانگریس کے صدر نے کہا کہ ’’دہلی حکومت کی طرف سے جو طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے وہ اروند کیجریوال کے خود بتائے گئے بیانوں کے منافی ہے، کیونکہ انہوں نے ’5 ٹی‘ ٹیسٹ، ٹریسنگ، ٹریٹمنٹ، ٹیم ورک اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ٹریکنگ اور نگرانی پر توجہ مرکوز کرنے کی بات کی تھی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’کیجریوال کی قیادت والی دہلی حکومت نے مہلک دوسری لہر سے سبق نہیں سیکھا، جو اس حقیقت سے عیاں ہیں کہ وزیر اعلیٰ دیگر ریاستوں میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی تشہیر میں مصروف ہیں جبکہ دہلی لوگوں کو تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔