’تم ہمیں لات ماروگے اور ہمارے ووٹوں کا سودا کروگے؟‘، راج بھر کے بیان پر اساتذہ بھرتی کے امیدوار سخت ناراض

اوم پرکاش راج بھر نے اپنے ایک انٹرویو میں اساتذہ بھرتی میں ریزرویشن کے معاملے پر احتجاج کرنے والے امیدواروں کو لات کھانے کے قابل کہہ دیا جس کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اوم پرکاش راج بھر، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

اوم پرکاش راج بھر، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

اترپردیش میں اساتذہ بھرتی کے امیدوار سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھر پر سخت ناراض ہوگئے ہیں۔ دراصل اوم پرکاش راج بھر کا ایک بیان وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ اساتذہ بھرتی میں ریزرویشن کے معاملے پر احتجاج کرنے والے امیدواروں کو لات کھانے کے قابل کہہ دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی، جس پر احتجاج کر رہے امیدواروں کا غصہ پھوٹ پڑا ہے۔ امیدواروں نے راج بھر کو جم کر نشانہ بنایا ہے۔

نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق اوم پرکاش راج بھر کے انٹرویو کا 6 سیکنڈ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ احتجاج کرنے والے طلباء لات کھانے کی ہی لائق ہیں۔ اس ویڈیو کو سماج وادی اور کانگریس کے کئی لیڈروں نے شیئر کیا ہے اور راج بھر کے بیان کی مذمت کی ہے۔


راج بھر کے اس بیان پر اساتذہ بھرتی کے امیدوار امریندر پٹیل نے اپنی سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے کہا ہے کہ ’’ ہم 620 دنوں سے اساتذہ بھرتی میں ریزرویشن کو لے کر بے ضابطگیوں کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ ہم بی جے پی، اپنا دل، سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی، سنجے نشاد کے پاس پچاسوں بار گیے ہوں گے لیکن سب لوگوں نے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کی۔ سب نے ہمیں نا امیدی دی، سب ہمارے ساتھ ایسا سلوک کر رہے تھے گویا یوپی حکومت میں ان کی کچھ نہیں چلتی۔‘‘

امریندر پٹیل نے مزید کہا ہے کہ ’’ہم 620 دنوں سے پرامن احتجاج کر رہے ہیں اور ہم 60 دنوں سے پارٹ ٹائم بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں، مگر  کوئی سماجی لیڈر ہماری مدد نہیں کر رہا ہے۔ کل ہم نے یہ بیان دیکھا کہ 69 ہزار اساتذہ بھرتی کے جو امیدوار دھرنے پر بیٹھے ہیں وہ پسماندہ دلت ہیں اور وہ لات کھانے کے لائق ہیں، تو میں اوم پرکاش راج بھر سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم لوگوں نے ہمیشہ آپ کو کسی وزیر سے کم نہیں سمجھا، ہمیں لگا کہ آپ پسماندہ دلتوں کی آواز اٹھاتے ہیں لیکن جب آپ سماج وادی پارٹی کے ساتھ ہوتے ہیں تو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو گالی دیتے ہیں اور جب اکیلے رہتے ہیں تو کسی اورکو گالی دیتے ہیں۔‘‘


امریندر پٹیل نے کہا کہ ’’اوم پرکاش راج بھر اور ان کے دونوں بیٹوں کو اپنی ذہنی حالت کی جانچ کرانی چاہیے۔ اگر آپ ایسے بیانات دیں گے تو آپ الیکشن لڑنے کے لائق نہیں رہیں گے۔ آپ پچھڑے دلتوں کو  لات ماریں گے اور ہمارے ووٹوں کا سودا بھی کریں گے تو یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ اترپردیش میں گزشتہ 600 دنوں سے 69 ہزار امیدوار اساتذہ بھرتی میں ریزرویشن کے معاملے میں احتجاج کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔