یوگی، شیوراج کے رابطے میں آئے وزراء کو کوارنٹائن کرائیں: کانگریس
کانگریس کے سینئر لیڈر دیپک سنگھ نے کہا کہ شیوراج چوہان کے رابطے میں آئے وزراء تمام لوگوں سے مل رہے ہیں، جس سے انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
لکھنؤ: اترپردیش قانون ساز کونسل کے رکن و کانگریس کے سینئر لیڈر دیپک سنگھ نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے اپیل کی ہے کہ وہ گزشتہ دنوں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کے رابطے میں آنے والے وزراء کو کوارنٹائن کرائیں تاکہ دوسرے شہریوں کو کورونا انفیکشن سے بچایا جاسکے۔
شیوراج سنگھ نے بدھ کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو لکھے خط میں کہا کہ گزشتہ ہفتے مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کے آخری رسوم کی ادائیگی میں شرکت کر نے وہاں کے وزیر اعلی لکھنؤ آئے تھے جن سے یوپی کے کئی وزراء اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں نے ملاقات کی تھی۔ چونکہ شیوراج چوہان کورونا متاثر پائے گئے ہیں اس لئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو چاہیے کہ وہ اپنی کابینہ کے ساتھیوں کو کوارنٹائن کریں۔
انہوں نے کہا کہ شیوراج چوہان کے رابطے میں آئے وزراء تمام لوگوں سے مل رہے ہیں، جس سے انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ حکومت کا ہی اپنا جاری کردہ مینول ہے کہ متاثرہ شخص کے رابطے میں آنے والے افراد کو 14دنوں کے لئے کوارنٹائن رہنا پڑے گا۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اگر مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی اگر کورونا متاثرہ اروند سنگھ بھدوریہ کے رابطے میں نہ آئے ہوتے تو شاید انہیں بھی کورونا نہ ہوتا۔ ٹھیک اسی طرح یوپی حکومت کے وزیر اس پر عمل کریں تو ریاست کی عوام کو بچایا جاسکے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔