نااہل راشن کارڈ ہولڈروں کو یوگی حکومت کا انتباہ، ’اپنا راشن کارڈ جمع کر دیں ورنہ کارروائی ہوگی!‘

یوگی حکومت نے ایسے راشن کارڈ برداروں کو انتباہ جاری کیا ہے جو نااہل ہونے کے باوجود مفت راشن حاصل کر رہے ہیں، ایسے لوگوں سے منادی کر کے اپنا راشن کارڈ جمع کرنے کو کہا جا رہا ہے

یوگی آدتیہ ناتھ
یوگی آدتیہ ناتھ
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: یوگی آدتیہ ناتھ کو دوبارہ اقتدار کی کرسی تک پہنچانے میں جن وجوہات کو شمار کیا جاتا ہے اس میں مفت راشن اسکیم سر فہرست ہے لیکن اب ریاستی حکومت اس اسکیم کے ذریعے مفت راشن حاصل کرنے والے افراد کی تعداد کو محدود کرنا چاہتی ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ راشن صرف انہی لوگوں کو ملنا چاہئے جن کی آمدنی کم ہے۔ اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے نااہل لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنے راشن کارڈ جمع کر دیں۔

خیال رہے کہ مفت راشن اسکیم مرکز کی جانب سے کورونا بحران کے سبب پریشان حال لوگوں کی مدد کے لئے شروع کی گئی تھی۔ اس کے بعد اس میں کئی مرتبہ توسیع کی گئی۔ اور یوپی میں بی جے پی کی جیت اور یوگی آدتیہ ناتھ کے دوبارہ وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اعلان کیا گیا کہ مفت راشن اسکیم کو بند نہیں کیا جائے گا اور جن لوگوں کو راشن حاصل ہوتا تو انہیں آگے میں بدستور حاصل ہوتا رہے گا۔ مگر اب حکومت کا کہنا ہے کہ نااہل افراد کو مفت راشن فراہم نہیں کیا جائے گا۔


انتظامیہ کوٹہ برداروں کے ذریعے راشن لینے والے لوگوں تک یہ معلومات پہنچانے کا کام کر رہی ہے۔ لکھنؤ میں ضلع انتظامیہ نے ایک فرمان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں سالانہ 2 لاکھ اور شہری علاقوں میں 3 لاکھ سالانہ سے کم آمدنی والے ہی راشن کارڈ اسکیم کے اہل ہوں گے۔ اگر آپ اس معیار میں نہیں آتے تو اپنا کارڈ سرنڈر کر دیں، ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور دیا گیا راشن بھی واپس لیا جائے گا!

رپورٹ کے مطابق اس اعلان کا نتیجہ یہ ہے کہ جو لوگ معیار پر پورا نہیں اترتے وہ اپنا راشن کارڈ خود ہی ڈی ایم آفس میں جمع کرا رہے ہیں۔ جبکہ راشن حاصل کرنے والے بیشتر افراد کا کہنا ہے کہ وہ ابھی تک اس بات سے واقف نہیں ہیں کہ کارڈ کب جمع کرانا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم سب اہل ہیں، اسی لیے ہم مسلسل راشن لے رہے ہیں۔


لکھنؤ کے سی ڈی او اشونی کمار کے مطابق نا اہل لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے راشن کارڈ سرنڈر کر دیں۔ بہت سے لوگوں نے کارڈ جمع کرنا شروع بھی کر دیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام اہل افراد کو راشن فراہم کیا جائے۔

اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سپلائی انیل کمار دوبے کے مطابق ’’ہم ہر سال اس اسکیم کا جائزہ لیتے ہیں، جس میں ہم نااہل لوگوں کو فلٹر کرتے ہیں اور اہل لوگوں کو راشن کارڈ دیتے ہیں۔ اس بار بھی ہم نے 800000 کارڈز کینسل کیے ہیں اور کئی لاکھ نئے کارڈز جاری بھی کئے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔