یوگی حکومت سیلاب سے بے خبر ’سرکاری اتسو‘ میں مشغول: اکھلیش یادو

اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ بلرام پور، بارہ بنکی، گونڈہ وغیرہ درجنوں اضلاع میں سیلاب میں پھنسے لوگ اپنی جان بچانے کے لئے نقل مکان کو مجبور ہیں، سیلاب میں پھنسے افراد کی کوئی خبر گیری کرنے والا نہیں ہے۔

اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیلاب کی خطرناکی سے بے خبر بی جے پی سرکاری اتسو میں مشغول ہے۔ انھوں نے پیر کے روز دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست میں کئی ندیوں میں طغیانی ہے، سینکڑوں گاؤں سیلاب میں ڈوب گئے ہیں، لوگ گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں، مویشی چارے کی کمی میں نیم مردہ ہو رہے ہیں، فصل تباہ ہوگئی ہے، اہم شاہراہوں پر آمد و رفت بند ہے، راحتی کام شروع نہ ہونے سے ہر طرف تباہی مچی ہوئی ہے، اور عوام پریشان حال ہیں۔

اکھلیش یادو نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بلرام پور، مہاراج گنج، بارہ بنکی، سدھارتھ نگر، گونڈہ وغیرہ درجنوں اضلاع میں سیلاب میں پھنسے لوگ اپنی جان بچانے کے لئے نقل مکان کو مجبور ہیں۔ سیلاب میں پھنسے افراد کی کوئی خبر گیری کرنے والا نہیں ہے۔ ضلع کے افسران اب بھی سوئے ہوئے ہیں۔ لوگ اپنی حفاظت اور کھانے پینے کے لئے اپنے وسائل پر ہی منحصر ہیں۔ بی جے پی حکومت کو سیلاب کے بحران کے بجائے اپنی جھوٹی حصولیابیاں گنانے کے لئے اشتہارت چھپوانے سے ہی فرصت نہیں مل رہی ہے۔ عوام انہیں وجوہات سے بی جے پی کو دوبارہ اقتدار نہیں دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔