یوگی آدتیہ ناتھ کے والد سپرد آتش، تریویندر راوت اور بابا رام دیو تھے موجود
منگل کی صبح رشی کیش میں لکشمن جھولے کے پاس پھول چٹی گنگا ساحل پر آنند سنگھ بشٹ کی ویدک منتروں کےساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے والد آنند سنگھ بشٹ کی آخری رسومات آج ادا ہو گئیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے بڑے بھائی مانویندر سنگھ بشٹ نے والد کے جسد خاکی کو آگ دی۔ اس موقع پر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت، بابا رام دیو، چدانند جی، مدن کوشک سمیت کئی معزز افراد موجود تھے۔ ان سبھی نے آنند سنگھ بشٹ کو آخری وداعی دیتے ہوئے پرخلوص خراج عقیدت پیش کیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق منگل کی صبح رشی کیش میں لکشمن جھولے کے پاس پھول چٹی گنگا ساحل پر آنند بشٹ کی ویدک منتروں کےساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔ فاریسٹ رینجر کے عہدے سے ریٹائرڈ آنند سنگھ بشٹ کا لمبی علالت کے بعد نئی دہلی کے ایمس میں پیر کی صبح انتقال ہوگیا تھا۔ ان کے جسد خاکی کو ایمبولینس سے پوڑی ضلع کے یمکیشور علاقے کے تحت، ان کے آبائی گاؤں پنچور لے جایا گیا۔ یہاں سے آج صبح تقریباً نو بجے آخری رسومات کے لئے پھول چٹی واقع ان کے گنگا گھاٹ لایا گیا۔
واضح رہے کہ یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اپنے والد کی آخری رسومات کے وقت موجود نہیں تھے۔ انھوں نے پیر کے روز ہی اس بات کا اعلان کر دیا تھا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے درمیان ان کی ذمہ داری عوام کے تئیں بہت زیادہ بڑھی ہوئی ہے اس لیے وہ والد کا آخری دیدار بھی نہیں کر پائیں گے۔ اپنے ایک خط میں انھوں نے اپنی والدہ سے کہا تھا کہ حالات بہتر ہونے کے بعد وہ ان سے ملاقات کرنے کے لیے خود پہنچیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔