بھارت رتن: رام دیو کا مودی حکومت پر نشانہ، کہا- ’کسی سنیاسی کو کیوں نہیں دیا ایوارڈ‘

رام دیو نے کہا، ’’بدقسمتی کی بات ہے کہ کسی سنیاسی، دیانند سرسوتی، وویکانند یا شیو کمار کو بھارت رتن نہیں دیا گیا، وہیں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ اگلا بھارت رتن کسی سنیاسی کو دیا جائے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کل تک جو مودی حکومت کے حامی تھے وہ بھی آج حکومت اور اس کے فیصلوں پر سوال کھڑے کرنے لگے ہیں۔ بھارت رتن ایوارڈ کے ناموں کو لے کر یوگ گرو رام دیو نے مودی حکومت پر سوال کھڑے کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے 70 سال بعد بھی کسی سنیاسی کو یہ اعلی ترین اعزاز کیوں نہیں دیا گیا؟۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے رام دیو نے کہا، ’’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ 70 سالوں کے بعد بھی کسی سنیاسی کو بھارت رتن سے نہیں نوازا گیا ہے، چاہے وہ دیانند سرسوتی، سوامی وویکانند یا شیوکمار ہوں۔ میں حکومت ہند سے اپیل کرتا ہوں کہ اگلی بار کم از کم کسی سنیاسی کو بھارت رتن ضرور دیا جائے۔‘‘

رام دیو سے ایک روز قبل کانگریس کے سینئر رہنما ملکارجن کھڑگے نے بھی سوال کھڑے کیے تھے۔ کھڑگے نے سدھ گنگا مٹھ کے سربراہ شیو کمار سوامی کو بھارت رتن ایوارڈ نہیں دیئے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، ’’سبھی نے ان کا کام دیکھا تھا۔ اس کے باوجود بی جے پی حکومت نے انہیں اس اعزاز سے نہیں نوازا، یہ تکلیف دہ بات ہے۔‘‘

کھڑگے نے کہا، ’’ایک گلوکار اور ایک ایسے شخص کو جس نے آر ایس ایس کے نظریہ کی تشہیر کی، انہیں ملک کا اعلی ترین ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔ اگر آپ ان تمام سے موازنہ کریں تو شیو کمار سوامی کو یہ اعزاز ضرور ملنا چاہیے تھا۔‘‘

کھڑگے نے کہا، ’’پرنب مکھرجی کو بھارت رتن دیئے جانے کا میں خیر مقدم کرتا ہوں لیکن شیو کمار سوامی جی نے تعلیم کے شعبہ میں کافی کام کیا۔ انہوں نے یتیم بچوں کو پڑھانے اور ان کی بہبود کے لئے اپنی زندگی وقف کر دی۔ انہیں بھارت رتن دیا جانا چاہیے تھا، ہمیں اس کی امید تھی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔