دہلی میں کورونا کا دھماکہ، یلو الرٹ جاری، جانیں سخت پابندیوں کے دوران کیا کھلے گا اور کیا بند رہے گا؟
ملک میں اومیکرون کے مریضوں کی تعداد 781 تک پہنچ گئی ہے، دہلی میں کورونا دھماکہ کے بعد یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، یہاں دکانوں-مالز کو صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک طاق و جفت کی بنیاد پر کھولا جا سکے گا
نئی دہلی: کورونا کے معاملوں میں اضافہ کے پیش نظر تمام ریاستوں کی حکومتیں محتاط ہو گئی ہیں۔ کئی مقامات پر نائٹ کرفیو نافذ کیا جا چکا ہے، تاہم دہلی میں گزشتہ روز کورونا کا دھماکہ ہوا ہے اور بڑی تعداد میں اومیکرون اور کورونا کے معاملوں میں اضافہ کے بعد یہاں یلو الرٹ جاری دیا گیا ہے۔ دہلی میں جس طرح کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں اسے منی لاک ڈاؤن کا سیمی لاک ڈاؤن یعنی بھی کہا جا سکتا ہے۔
دہلی میں تاحکم ثانی تمام اسکول، کالج، سنیما ہال، شادی ہال، جم اور اسپا بند رہیں گے، تاہم سلون کھلے رہیں گے۔ دکانوں اور مالز کو صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک آڈ ایون کی بنیاد پر کھولا جا سکے گا۔ میٹرو اور بسوں کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ چلایا جا سکے گا اور میٹرو میں اور بسوں میں مسافروں کو کھڑے رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ آٹو، ای رکشہ اور ٹیکسی میں صرف دو مسافروں کو ہی بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ ریسترانوں کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک کھولا جا سکتا ہے۔ نجی دفاتر کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھولا جائے گا۔ شادیوں میں صرف 20 لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی اور مذہبی مقامات پر عقیدتمندگان کے داخلہ پر پابندی رہے گی۔
اس کے علاوہ دہلی میں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ کرفیو کا نفاذ جاری رہے گا۔ وہیں ڈی ڈی ایم اے یعنی دہلی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے آج ایک میٹنگ طلب کی ہے جس میں کورونا کے ساتھ ساتھ اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس میٹنگ کی صدارت لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کریں گے جس میں وزیر اعلی اروند کیجریوال بھی موجود ہوں گے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے گزشتہ روز ’یلو الرٹ‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا، ’’آپ کی حکومت پہلے سے دس گنا زیادہ تیار ہے۔ کورونا سے لڑنے کے لیے، ماسک ضرور پہنیں۔‘‘ دوسری جانب ممبئی میں بھی اومیکرون کے بڑھتے کیسز کے ساتھ ساتھ بی ایم سی نے پہلے ہی کورونا پر قابو پانے کے لیے کئی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں اومیکرون کے معاملوں کی تعداد 781 ہو چکی ہیں۔ دہلی میں سب سے زیادہ 238 کیسز درج کئے گئے ہیں جبکہ مہاراشٹر دوسرے مقام پر ہے جہاں سے اومیکرون کے 167 معاملے درج کئے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔