سال 2020: صوبہ جموں میں شعبہ سیاحت شدید متاثر ہوا

سال 2020 میں صوبہ جموں کی سیر کے لئے آنے والے مقامی سیاحوں کی تعداد 27 لاکھ 50 ہزار 3 سو 11 رہی، جبکہ غیر مقامی سیاحوں کی تعداد 1 ہزار 4 سو 20 ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @JammuTourism
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @JammuTourism
user

یو این آئی

جموں: سال 2020 میں کورونا وبا کی وجہ سے صوبہ جموں میں شعبہ سیاحت بھی دیگر شعبوں کی طرح متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا۔ سال گزشتہ 1.5 کروڑ سیاحوں نے صوبہ جموں کے مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کی تھی، لیکن سال 2020 میں صرف 28 لاکھ سیاح ہی صوبہ جموں کی سیر کے لئے آسکے، جن میں سے 17 لاکھ یاتری تھے جنہوں نے شری ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا کی۔

سال 2018 میں ایک کروڑ 60 ہزار سیاحوں نے صوبہ جموں کے مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کی تھی جو ایک ریکارڈ تھا۔ محکمہ سیاحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سال 2016 سے صوبہ جموں میں سیاحوں کے آنے کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہونا شروع ہوا تھا، لیکن سال 2019 میں دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر اس میں ایک بار پھر کمی واقع ہوئی۔


سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سال 2020 کے دوران قریب 17 لاکھ یاتریوں نے شری ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا کی جبکہ ضلع ریاسی میں واقع شری شیو کھوری پوتر گھپا کی یاترا کے لئے 4 لاکھ 37 ہزار 5 سو 23 یاتری آئے۔ ضلع رام بن میں واقع پٹنی ٹاپ کی سیر 47 ہزار 4 سو 43 سیاحوں نے کی جبکہ ضلع سانبہ میں واقع مانسر کی سیر کے لئے 11 ہزار 2 سو 54 اور سانسر کی سیر کے لئے 4 سو 33 سیاح آئے۔

ضلع جموں کے آر ایس پوری سیکٹر کے سوچھیت گڑھ کی سیر 28 ہزار 6 سو 99 سیاحوں نے کی جبکہ ضلع سانبہ میں واقع چیچی ماتا مندر کی یاترا کے لئے 39 ہزار 2 سو 20 یاتری آئے۔ ضلع کٹھوعہ کے بلاور تحصیل میں واقع سکرالہ مارا کی یاترا 60 ہزار 5 سو 38 یاتریوں نے کی جبکہ ضلع کٹھوعہ میں واقع ماتا بالا سندری کی یاترا 3 ہزار 7 سو59 یاتریوں نے کی۔ ضلع پونچھ میں سائیں میر بخش کی زیارت کے لئے 77 ہزار 9 سو 84 زائرین آئے اور ننگالی صاحب کی زیارت کے لئے 26 ہزار 4 سو 22 زائرین آئے۔


ضلع ڈوڈہ کے بھدروا کی سیر 1 ہزار 6 سو 67 سیاحوں نے کی۔ جموں ہوائی اڈے کی سیر 52 ہزار 7 سو 24 جبکہ جموں ریلوے اسٹیشن کی سیر 1 لاکھ 3 ہزار 84 سیاحوں نے کی۔ سال 2020 میں صوبہ جموں کی سیر کے لئے آنے والے مقامی سیاحوں کی تعداد 27 لاکھ 50 ہزار 3 سو 11 رہی، جبکہ غیر مقامی سیاحوں کی تعداد 1 ہزار 4 سو 20 ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سال 2008 میں 83 لاکھ 31 ہزار سیاحوں نے صوبہ جموں کی سیر کی تھی جس کے بعد ہر سال سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔ ادھر محکمہ سیاحت نے جموں وکشمیر میں شعبہ سیاحت کے فروغ کے لئے کئی امور انجام دیئے اور جموں وکشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کو نقشہ سیاحت پر لانے کے لئے بھی کام کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔