پہلوانوں کی مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے ساتھ 6 گھنٹے چلی ملاقات، 15 جون تک مظاہرہ نہ کرنے کا اعلان

ڈبلیو ایف آئی چیف برج بھوشن کے خلاف مظاہرہ کر رہے پہلوانوں نے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کے بعد اپنا مظاہرہ 15 جون تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پہلوانوں کا احتجاج / آئی اے این ایس</p></div>

پہلوانوں کا احتجاج / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) چیف اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کے خلاف مظاہرہ کر رہے پہلوانوں نے آج مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سے 6 گھنٹے طویل ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد پہلوانوں نے اپنے مظاہرہ کو 15 جون تک ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

میٹنگ کے بعد باہر آئے پہلوانوں ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا نے اس بارے میں جانکاری دی اور بتایا کہ برج بھوشن کے خلاف ان کا مظاہرہ 15 جون تک ملتوی رہے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اگر حکومت نے مطالبات پورے نہیں کیے تو وہ پھر سے مظاہرہ پر غور کریں گے۔ ساکشی ملک نے کہا کہ دہلی پولیس نے 28 مئی کو پہلوانوں کے خلاف جو ایف آئی آر درج کی تھی، اسے وہ واپس لے گی۔


دوسری طرف اس میٹنگ کے بعد وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے پریس کانفرنس کر کہا کہ پہلوانوں سے میری 6 گھنٹے طویل بات چیت ہوئی۔ ہم نے پہلوانوں کو یقین دلایا ہے کہ 15 جون تک جانچ پوری کر لی جائے گی اور چارج شیٹ داخل کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ 30 جون تک ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے انتخاب ہوں گے۔

انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ ریسلنگ فیڈریشن کی ایک داخلی شکایت کمیٹی کی تشکیل کی جائے گی، جس کی صدارت ایک خاتون کرے گی۔ پہلوانوں کے خلاف سبھی ایف آئی آر واپس لی جانی چاہیے۔ پہلوانوں نے یہ بھی گزارش کی کہ 3 سال کی مدت کار پورا کر چکے برج بھوشن اور ان کے ساتھیوں کو دوبارہ نہیں چنا جانا چاہیے۔


پہلوان بجرنگ پونیا نے آج ہوئی ملاقات کے تعلق سے کہا کہ حکومت نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ 15 جون سے پہلے پولیس جانچ پوری کر لی جائے گی۔ ہم نے گزارش کی ہے کہ پہلوانوں کے خلاف سبھی ایف آئی آر واپس لی جانی چاہیے اور انھوں نے اس کے لیے حامی بھر دی ہے۔ اگر 15 جون تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی تو ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔