ہریدوار میں کورونا کا قہر، مہامنڈلیشور کی موت،اکھاڑوں میں دہشت

مہاکمبھ میلہ ہیلتھ آفیسر ارجن سنگھ سینگر نے بتایا کہ ’’یہاں نروانی اکھاڑہ کے مہامنڈلیشور کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے تھے، جنھیں دہرادون کے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کی موت ہوگئی‘‘

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ کے ہریدوار میں مہاکمبھ کے دوران کورونا نے زوردار طریقے سے اپنا قہر برپا کیا ہے۔ ایک طرف جہاں 10 اپریل سے 14 اپریل تک 2167 کورونا کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، وہیں نروانی اکھاڑا کے مہامنڈلیشور کپّل منی کی کورونا کے سبب موت واقع ہو گئی ہے۔ اس خبر کے بعد کمبھ میں شامل ہوئے سبھی اکھاڑوں میں دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔

مہاکمبھ میلہ ہیلتھ آفیسر ارجن سنگھ سینگر نے کپّل منی کی کورونا سے ہوئی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’’یہاں نروانی اکھاڑہ کے مہامنڈلیشور کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے تھے، جنھیں دہرادون کے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کی موت ہوگئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اکھاڑے میں سنتوں کی کورونا جانچ کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور جو لوگ مہلوک سنت کے ساتھ رابطے میں آئے تھے ان کی جانچ کے ساتھ ساتھ ان کو الگ تھلگ بھی کیا جائے گا۔‘‘


واضح رہے کہ ہریدوار میں کورونا وائرس کے متاثرین میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے تمام پرائیویٹ اور سرکاری اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے۔ یہاں قابل ذکر یہ بھی ہے کہ اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے آئی آئی ٹی روڑکی میں 120 سے زیادہ طلبا اور اساتذہ متاثر ہوچکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔