لاک ڈاؤن کی پابندی کرتے ہوئے اپنے گھروں میں ہی عبادت کریں، مولانا اکبرالدین حسامی

مولانا حسامی نے کہا کہ علماء اور مفتیان کرام عادل آباد کے متفقہ فیصلے کہ بعد شب برأت کے موقع پر لوگ گھروں میں ہی انفرادی عبادات کا اہتمام کریں، خاص کر صاف و صفائی اور معاشرتی دوری کا خیال رکھا جائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: مولانا محمد اکبرالدین حسامی امام و خطیب مسجد گلزار عادل آباد (تلنگانہ) نے کہا کہ شب برأت میں بھی لاک ڈاؤن کی پابندی کرتے ہوئے مساجد میں اجتماعی عبادت کے بجائے اپنے گھروں میں ہی عبادت کریں۔ علماء و ائمہ اور مفتیان کرام عادل آباد کے متفقہ فیصلے کہ بعد شب برأت کے موقع پر اپنے گھروں میں ہی انفرادی عبادات کا اہتمام کیا جائے۔ صاف و صفائی اور معاشرتی دوری کا خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت پورے ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے، شہر عادل آباد و اطراف میں بھی لاک ڈاؤن پر کامیابی کے ساتھ عمل کیا جا رہا ہے اور سختی سے اس لاک ڈاون پر عمل پیرا ہونا حالات کے پیش نظر نہایت ہی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس درمیان 9 اپریل کو جمعرات و جمعہ کی درمیانی رات، شب برأت ہے چوںکہ یہ رات عبادت کی رات ہے، اس لئے رات میں کثرت سے دعائیں قبول ہوتی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ جس طرح سے لاک ڈاؤن کی پابندی کرتے ہوئے اب تک تمام لوگ فرض نمازیں اور جمعہ بھی گھروں میں ادا کر رہے ہیں اسی طرح شب برأت کے موقع پر بھی مساجد میں اجتماعی عبادت کے بجائے اپنے گھروں ہی میں رہ کر نماز پڑھیں، قرآن کی تلاوت کریں، اللہ کا ذکر کریں، توبہ واستغفار کریں، نیز مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے قبرستان جانے کے بجائے گھروں میں رہ کر ہی ان کے لیے دعاؤں کا اہتمام کریں۔

مولانا محمد اکبرالدین حسامی نے اپنے خطاب میں بالخصوص اللہ تعالیٰ سے اس وبائی مرض کے خاتمہ کے لئے خوب دعائیں کیں تاکہ رمضان المبارک آنے سے پہلے یہ مرض لاک ڈاون اور الگ تھلگ رکھے گئے افراد جو مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ان تمام کے مصائب کا خاتمہ ہو اور دشمنوں کی ناپاک سازشوں سے امت مسلمہ کی حفاظت اللہ تعالی فرمائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔