عالمی معیار کے شہروں کی پہچان اعلیٰ معیاری اور خوبصورت سڑکیں ہوتی ہیں: سسودیا

اپنے بیان میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے سڑک کے اس حصے پر قابل تحسین کام کیا ہے، اب پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کو پورے شہر میں اسے نافذ کرنے پر کام کرنا چاہیے۔

منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ عالمی معیار کے شہروں کی پہچان اعلیٰ معیار کی خوبصورت سڑکیں ہوتی ہیں۔ سسودیا اور وزیر تعمیرات عامہ ستیندر جین نے منگل کو سینئر عہدیداروں کے ہمراہ چراغ دہلی میں یورپی خطوط پر تعمیر شدہ سڑک کا معائنہ کیا۔ اس دوران دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ خوبصورت سڑک دہلی میں ایک مثال بن جائے گی اور اسے پورے دہلی میں نقل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی معیار کے شہروں کی پہچان اعلیٰ معیار کی خوبصورت سڑکیں ہوتی ہیں۔

اپنے بیان میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے سڑک کے اس حصے پر قابل تحسین کام کیا ہے۔ اب پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کو پورے شہر میں اسے نافذ کرنے پر کام کرنا چاہیے۔ کیجریوال حکومت پہلے مرحلے میں دہلی میں 540 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر نو ، تعمیر اور خوبصورتی کے منصوبے شروع کر رہی ہے تاکہ انہیں یورپی ماڈل کے برابر لایا جا سکے۔


سسودیا نے کہا کہ چراغ دہلی جانے والی سڑک کا ایک حصہ محکمہ تعمیرات عامہ نے دوبارہ تیار کیا ہے اور ایک سائیکل ٹریک بھی بنایا گیا ہے۔ یہ کام ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کیا گیا تاکہ اس ماڈل کو پوری دہلی میں نافذ کیا جا سکے۔ کیجریوال حکومت قومی دارالحکومت کو بہتر بنانے کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ اس درمیان ستیندر جین نے بتایا کہ دہلی میں جلد ہی یورپی معیار جیسی خوبصورت سڑکیں ہوں گی۔ ہم اپنے عزم اور لگن سے قومی دارالحکومت کا چہرہ بدل دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔