مزدوروں سے عزت سے پیش آئیں، وہ ہندوستان کی تعمیر کرتے ہیں: کانگریس

کانگریس کے سینئر رہنما کپل سبل نے مزدوروں پر جراثیم کش اسپرے کے چھڑکاؤں پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’یہ وقت بریلی پہنچنے والے مہاجر مزدوروں کو سینیٹائز کا نہیں بلکہ سیاست کو سینیٹائز کرنے کا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: اتر پردیش کے بریلی میں مہاجر مزدوروں پر کیمیکل چھڑکنے کے واقعے کے ایک دن بعد کانگریس نے حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کی تعمیر کرنے والے مزدوروں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔

کانگریس کے سینئر رہنما کپل سبل نے مزدوروں پر جراثیم کش اسپرے کے چھڑکاؤں پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’یہ وقت بریلی پہنچنے والے مہاجر مزدوروں کو سینیٹائز کا نہیں بلکہ سیاست کو سینیٹائز کرنے کا ہے۔ وہ فیکٹریوں میں، کھیتوں میں، ریستوراں میں، ہوٹلوں میں، تعمیراتی منصوبوں میں، شاہراہوں اور گھروں میں کام کرتے ہیں۔ وہ ہندوستان کو تعمیر کرتے ہیں، ان کے ساتھ عزت کے ساتھ یش آنا چاہیے۔‘‘


ضلع میں آنے کے بعد پیر کے روز مقامی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے وابستہ کارکنوں نے بریلی میں مہاجر مزدوروں پر جراثیم کش اسپرے کا چھڑکاؤ کیا تھا۔ تاہم، تنقید ہونے پر ضلع مجسٹریٹ نتیش کمار نے چیف میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان لوگوں کا علاج و معالجہ کریں جن پر اتوار کے روز سوڈیم ہائپوکلورائٹ کے اسپرے کا چھڑکاؤ کیا گیا تھا۔

بریلی کے ضلع مجسٹریٹ نے ایک ٹوئٹ میں اعتراف کیا تھا کہ میونسپل کارپوریشن اور فائر بریگیڈ اپنی صفائی مہم کے دوران زیادہ پی پر جوش ہو گئے اور لوگوں پر کیمیکل کا چھڑکاؤ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ قصوروار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔