اکھلیش یادو نے یو پی اسمبلی انتخاب نہ لڑنے کا کیا اعلان، پارٹی کی تشہیر پر دیں گے توجہ

سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ وہ آئندہ سال ہونے والے یو پی اسمبلی انتخاب میں بطور امیدوار کسی سیٹ سے کھڑے نہیں ہوں گے، بلکہ وہ اپنی پارٹی کی انتخابی تشہیر پر پوری توجہ مرکوز کریں گے۔

اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اتر پردیش اسمبلی انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ وہ آئندہ سال کے شروع میں اتر پردیش اسمبلی انتخاب نہیں لڑیں گے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اس کی جگہ وہ اپنی پارٹی کی انتخابی تشہیر پر پوری توجہ مرکوز کریں گے۔

بتایا جاتا ہے کہ اعظم گڑھ سے رکن پارلیمنٹ اکھلیش یادو اپنی پارٹی کی طرف سے انتخاب کا چہرہ ضرور ہوں گے اور بی جے پی کو شکست دینے کے لیے اپنا پورا زور لگائیں گے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ انتخاب کے لیے ان کی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے درمیان اتحاد کو آخری شکل دے دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’آر ایل ڈی کے ساتھ ہمارا اتحاد طے ہو گیا ہے۔ سیٹ تقسیم کو لے کر فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔‘‘


اکھلیش یادو نے کہا کہ لوگوں نے ریاست میں سماجوادی پارٹی کی حکومت واپس لانے کا من بنا لیا ہے۔ اپنے چچا شیوپال یادو کی پروگریسیو سماجوادی پارٹی لوہیا (پی ایس پی ایل) کے سماجوادی پارٹی اتحاد میں شامل ہونے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’مجھے اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انھیں اور ان کے لوگوں کو مناسب عزت دی جائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔