’خواتین علامتی عہدوں کو قبول نہ کریں، اپنے حقوق کے لیے لڑیں‘، شکتی ابھیان کی متاثر کن خواتین سے راہل گاندھی کی ملاقات

راہل گاندھی نے کہا کہ آج سیاست میں ہماری لڑائی صرف اقتدار کے لیے نہیں ہے، بلکہ نمائندگی کے لیے بھی ہے، یہ دونوں ایک ہی سکہ کے دو پہلو ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی نے ’شکتی ابھیان‘ کی متاثر کن خواتین سے کی ملاقات، تصویر @RahulGandhi</p></div>

راہل گاندھی نے ’شکتی ابھیان‘ کی متاثر کن خواتین سے کی ملاقات، تصویر @RahulGandhi

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے 18 اکتوبر (جمعہ) کو ’شکتی ابھیان‘ کے تحت اندرا فیلوشپ کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں حصہ لیا۔ میٹنگ کا آج پہلا دن تھا جس میں راہل گاندھی نے ملک بھر سے پہنچیں باصلاحیت خواتین سے بات چیت کی۔ 21 ریاستوں سے آئی سبھی شرکا اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والی خواتین تھیں جنھوں نے زمینی سطح پر خواتین کے سامنے آنے والے چیلنجز کا سامنا کرنے سے متعلق اپنے عزائم کو ظاہر کیا۔

راہل گاندھی نے اس ملاقات کی ایک تصویر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آج میں نے ’شکتی ابھیان‘ کی متاثر کن خواتین سے ملاقات اور گفتگو کی۔ ’اندرا فیلوشپ‘ تنظیم خواتین پر مبنی سیاسی تحریک کی تعمیر کے لیے انتہائی لگن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ گزشتہ ایک سال سے یہ ذیلی سطح پر خاتون لیڈران کے ایک مضبوط نیٹورک کی نشو و نما میں مصروف ہے۔‘‘


راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’میں ہمیشہ خواتین کے لیے مساوی حقوق، وسائل تک ان کی رسائی اور تعلیم و روزگار کے مواقع کی بات اٹھاتا رہا ہوں اور مضبوطی کے ساتھ اس کی حمایت میں کھڑا ہوں۔ ہمارا ہندوستانی آئین ہر قسم کے امتیاز کو کنارہ کرتے ہوئے مساوات و انصاف کے ان اصولوں کو مجسم کرتا ہے۔ آئیے ’شکتی ابھیان‘ کے ساتھ مل کر ایک ایسے مستقبل کی تشکیل کی سمت میں کام کریں جہاں یہ اقدار سبھی کے لیے حقیقت بنے۔‘‘

’شکتی ابھیان‘ کی جانب سے ایک پریس بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں راہل گاندھی کے ساتھ شکتی ابھیان کی متاثر کن خواتین سے ہوئی ملاقات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ راہل گاندھی نے موجودہ حالات اور خواتین کے لیے کیے جانے والے ضروری کام پر تبادلہ خیال کیا۔ راہل گاندھی نے اس ملاقات کے دوران زور دے کر کہا کہ آج سیاست میں جدوجہد صرف روایتی اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف نہیں بلکہ ایک وسیع نظریاتی لڑائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’آج سیاست میں ہماری لڑائی صرف اقتدار کے لیے نہیں ہے بلکہ نمائندگی کے لیے بھی ہے۔ یہ دونوں ایک ہی سکہ کے دو پہلو ہیں۔‘‘ اس موقع پر راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ’’خواتین کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وہ صرف علامتی رقوم یا عہدوں کو قبول نہ کریں، بلکہ اپنے ان حقوق کے لیے لڑیں جن کے وہ حقدار ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔