دہلی پولیس وین میں خاتون نے بچے کو جنم دیا
دہلی پولیس کے اہلکاروں نے خدمات کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے زچہ بچہ کو نہ صرف اسپتال تک بہ حفاظت پہنچایا بلکہ انھیں ضروری طبی سہولت بھی دی۔
ملک کے دارالحکومت دہلی میں کل ایک بار پھر دہلی پولیس کا انسانی چہرہ دیکھنے کو ملا،جب دردِ زہ کی تکلیف سے تڑپنے والی ایک خاتون نے اسپتال جاتے وقت پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) کی موبائل پٹرولنگ وین میں ایک بچے کو جنم دیا۔ پولیس اہلکاروں نے خدمات کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے زچہ بچہ کو نہ صرف اسپتال تک بہ حفاظت پہنچایا بلکہ انھیں ضروری طبی سہولت بھی دی۔
پی سی آر کی پولیس ڈپٹی کمشنر ایشا پانڈے نے ’یو این آئی‘ کو بتایا کہ پیر-منگل کی وسطی رات تقریباً دو بجے یمناپار کے اشوک نگر کے ایک شخص نے فون پر بیوی کے دردِ زہ ہونے کی اطلاع دی۔ اس نے اسپتال تک پہنچانے کی مدد مانگی۔ اسی حلقے میں سکیورٹی گشت لگانے والے اے ایس آئی لائق سنگھ اور ہیڈ کانسٹیبل وین کے ساتھ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے بغیروقت ضائع کیے مدد کی پیش کش کی۔ خاتون کو ان کے رشتہ داروں کی مددسے وین پرچڑھایا گیا اور پھر لال بہادر شاستری اسپتال لایا جا رہا تھا، تو اس وقت راستے میں اس نے ایک بچے کو جنم دیا۔
انہوں نے بتایاکہ پولیس اہلکاروں نے خاتون اور اس کے نوزائدہ بچے کو ضروری طبی سہولت دی اور بہ حفاظت پہنچا کر اسپتال میں داخل کروا دیا۔
خاتون کے اہل خانہ کےاراکین نے دہلی پولیس اہلکاروں کے اس انسانی برتاؤ کے تئیں شکریہ ادا کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔