’صاحب! میرے بچوں کا باپ دیور ہے، شوہر نہیں‘ ہریانہ پولس کو خاتون کی انوکھی شکایت
فتح آباد کی ایک خاتون نے ایس پی کو شکایت دے کر کہا کہ اس کے بچوں کا اصل باپ اس کا شوہر نہ ہوکر دیور ہے اس لئے بچوں اور دیور کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے۔
حصار: فتح آباد کی ایک خاتون نے ہریانہ کے فتح آباد پولس سپرنٹنڈنٹ کو شکایت دے کر کہا کہ اس کے بچوں کا اصل باپ اس کا شوہر نہ ہوکر دیور ہے اس لئے بچوں اور دیور کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے اور بچوں کو دیور کی املاک میں حصہ دلایا جائے۔
پولس ذرائع کے مطابق بھیما بستی میں رہنے والی اس خاتون کی، جو چار بچوں کی ماں ہے، اس منفرد شکایت سے پولس سپرنٹنڈنٹ وجے پرتاپ سنگھ بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے قانونی رائے لی ہے جس کے بعد انہوں نے معاملہ خواتین پولس تھانہ میں بھیجا ہے۔
شکایت کنندہ کے مطابق وہ نہایت غریب کنبہ سے تھی اور اس کے والد شرابی اور جواری قسم کے تھے جس کی وجہ سے اس کی شادی نہیں ہو پا رہی تھی لیکن اس کے شوہر کے پاس 60 ایکڑ زمین تھی۔ بیٹے کی عادتوں کی وجہ سے سسرال والوں نے غریب گھر میں (شکایت کنندہ) اس کی شادی کروا دی۔
خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر شادی کے بعد بھی دن رات شراب میں ڈوبا رہتا تھا۔ اس لئے وہ مائکے واپس چلی گئی۔ پیچھے سے اس کا دیور مائکے آیا اور اس کے مائکے والوں کو مناکر اسے گھر واپس لے گیا۔ شکایت کے مطابق دیور کی شادی اور بچے ہونے کے بعد اس کی نیت میں فرق آ گیا۔ اس نے بھائی کی املاک اپنے نام کروالی اور شکایت کنندہ خاتون اور اس کے بچوں کے بھوکے مرنے کی نوبت آگئی ہے۔
خاتون نے الزام لگایا ہے کہ دیور کے خاندان والے اب اسے گھر سے نکالنا چاہتے ہیں۔ خاتون پولس نے آج تھانہ میں دیور اور اس کے رشتہ داروں کو بلاکر معاملہ میں پوچھ گچھ اور تفتیش کو انجام دیا۔ پولس کے مطابق معاملہ کی جانچ چل رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 19 Jun 2019, 7:10 PM