کھٹر حکومت میں پولس کی بربریت، تھانہ میں خاتون کی بیلٹ سے پٹائی
ہریانہ کے فرید آباد میں ایک خاتون کی مبینہ طور پر پٹائی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد 5 پولس والوں کے خلاف کارروائی ہوئی ہے۔ دراصل خاتون کی پٹائی کرتے ہوئے پولس اہلکاروں کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔
ہریانہ کی بی جے پی حکومت میں پولس کے ذریعہ شرمسار کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ فرید آباد کے بلبھ گڑھ کا ہے جہاں تھانہ میں پوچھ تاچھ کے دوران ایک خاتون کی پٹائی کی گئی۔ اس سلسلے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کرنے اور 3 ایس پی او کی خدمات کو فوری اثر سے ختم کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ واقعہ اکتوبر 2018 کا بتایا جا رہا ہے، لیکن ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔
پولس ترجمان کے مطابق فرید آباد میں پیر کو اس سلسلے میں ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد فرید آباد کے پولس کمشنر سنجے کمار نے ہیڈ کانسٹیبل بلدیو اور روہت کو معطل کرنے اور 3 ایس پی او کرشن، ہرپال اور دنیش کو برخاست کرنے کا حکم دیا۔
گزشتہ دنوں واقعہ کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولس کو اس واقعہ کی جانکاری ملی۔ اس معاملے پر ریاستی خاتون کمیشن نے بھی ہریانہ پولس کو نوٹس جاری کر سخت اعتراض ظاہر کیا۔ خبروں کے مطابق اب پولس متاثرہ خاتون کی پہچان کرنے کی کوشش میں مصروف ہو گئی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ متاثرہ سے رابطہ کی کوشش ہو رہی ہے اور آگے کی جانچ کے لیے خاتون کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر کے اس وائرل ویڈیو میں آدرش نگر تھانہ میں پولس اہلکاروں نے پوچھ تاچھ کے نام پر خاتون کی بیلٹ سے پٹائی کی تھی اور نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 May 2019, 1:10 PM