فضائی آلودگی کی وجہ سے دہلی مشکل میں، گوپال رائے نے کی گھر سے کام کرنے کی اپیل
دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے لوگوں سے گھر سے کام کرنے کی اپیل کی ہے اور کار و موٹر سائیکل شیئر کرنے کے لئے بھی کہا۔
دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کا بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ اس خراب ماحول کو دیکھتے ہوئے دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے لوگوں سے گھر سے کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ یہی نہیں، انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ جو لوگ دفتر جا رہے ہیں، وہ کار یا موٹر سائیکل شیئر کریں تاکہ کم گاڑیاں سڑک پر نکلیں۔
وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے دہلی میں آلودگی کی سطح مختلف علاقوں میں بڑھ گئی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI )کی سطح نہ صرف دہلی میں بلکہ اتر پردیش، ہریانہ کے کئی علاقوں میں بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر کو فرید آباد میں 403، مانیسر میں 393، گروگرام میں 390، بہادر گڑھ میں 400، سونی پت میں 350، کیتھل میں 350، گریٹر نوئیڈا میں 402، نوئیڈا میں 398 اور غازی آباد میں 381 میں رہی۔
گوپال رائے نے بتایا کہ کل دہلی میں اینٹی ڈسٹ مہم کے تحت معائنہ کیا گیا۔ اس دوران پتہ چلا کہ ایل اینڈ ٹی کی سائٹ پر خفیہ طریقے سے کام چل رہا ہے۔ کھلے میں مٹی پڑی تھی اور کوئی اینٹی اسموگ گن نہیں تھی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ بی جے پی کا دفتر بنا رہے ہیں۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے گوپال رائے نے کہا کہ بی جے پی نے متعلقہ محکمہ کا حکم نہیں مانا۔
دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں کی آب و ہوا کی حالت انتہائی خراب ہے۔ سفر انڈیا ایئر کوالٹی سروس کے مطابق، بدھ کو دارالحکومت کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 373 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ این سی آر کی بات کریں تو نوئیڈا کی حالت دہلی سے بھی بدتر ہے۔ سفر انڈیا ایئر کوالٹی سروس کے مطابق، نوئیڈا میں بدھ کو 428 کا AQI ریکارڈ کیا گیا، جو سنگین زمرے میں آتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔