اب یوپی میں سردی بڑھے گی، کئی اضلاع میں بارش کا الرٹ
اتر پردیش کے کئی حصوں میں اگلے چند دنوں تک بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارش کے ساتھ ساتھ سردی بھی بڑھ رہی ہے۔ اس کے علاوہ صبح اور شام کے اوقات میں دھند بھی چھائی رہے گی۔
اتر پردیش میں بارش کے ساتھ ہی سردی بھی بڑھنے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے دو تین دنوں تک یوپی میں بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ سردی بڑھنے سے کئی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی۔ آئی ایم ڈی نے جھانسی، مہوبہ، ہمیر پور، جالون، کانپور، فتح پور، اناؤ، رائے بریلی، امیٹھی سمیت کئی اضلاع میں بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ تاہم ریاست کے کئی اضلاع میں فضائی آلودگی کی سطح خاص طور پر دہلی سے ملحقہ علاقوں میں اب بھی خراب حالت میں ہے۔
آج بھی یعنی ہفتہ کو نوئیڈا اور غازی آباد میں ہوا کا معیار خراب زمرے میں رہا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، نوئیڈا کے سیکٹر-116 میں ہوا کے معیار کا انڈیکس آج 338 پر ریکارڈ کیا گیا اور ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں رہا۔ نوئیڈا میں صبح سے ہی اسموگ دیکھا جارہا ہے۔ غازی آباد کی صورتحال اس سے بھی بدتر ہے۔ یہاں لونی میں، اے آئی کیو 341پر ریکارڈ کیا گیا اور ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں ہے۔
ایسی ہی صورتحال میرٹھ میں بھی ہے۔ یہاں پلاوپورم میں ہفتہ کو ہوا کے معیار کا انڈیکس 365 ریکارڈ کیا گیا اور ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں درج کیا گیا۔ اے آئی کیو 351 تھا اور گریٹر نوئیڈا کے نالج پارک-5 میں ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں تھا۔ لکھنؤ میں اے آئی کیو 247 تھا اور ہوا کا معیار خراب تھا۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق اتر پردیش کے دیگر اضلاع کی بات کریں تو آگرہ میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 104 پر ریکارڈ کیا گیا اور ہوا کا معیار درمیانے درجے میں رہا۔ باغپت میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 288 تھا اور ہوا کا معیار خراب زمرے میں درج کیا گیا تھا۔ ہاپوڑ میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 297 ریکارڈ کیا گیا اور ہوا کا معیار خراب زمرے میں رہا۔ پریاگ راج میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 101 ریکارڈ کیا گیا اور ہوا کا معیار درمیانے درجے میں رہا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔