پارلیمنٹ اجلاس کے آغاز سے قبل وزیر اعظم مودی کا بیان 'سرمائی اجلاس اہم فیصلوں کے لیے جانا جائے گا'
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج سے شروع ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی پارلیمنٹ پہنچے اور میڈیا سے خطاب کیا۔
نئی دہلی: پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج سے شروع ہو گیا۔ اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی پارلیمنٹ پہنچے اور میڈیا سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ’’سرمائی اجلاس کا آج پہلا دن ہے۔ یہ سیشن اہم ہے کیونکہ ہم 15 اگست سے پہلے ملے تھے۔ 15 اگست کو آزادی کے 75 سال مکمل ہو گئے۔ اب ہم ’امرت کال‘ کے سفر میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم ایک ایسے وقت میں مل رہے ہیں جب ملک اور ہمارے ہندوستان کو G-20 کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لیے جی۔20 کی میزبانی کرنا ایک بڑا موقع ہے اور یہ سربراہی اجلاس صرف ایک سفارتی تقریب نہیں ہے، بلکہ یہ دنیا کے سامنے ہندوستان کی صلاحیت کو ظاہر کرنے کا ایک موقع ہے۔ اتنا بڑا ملک، جمہوریت کی ماں، اتنا تنوع، اتنی صلاحیت- یہ دنیا کے لیے ہندوستان کو جاننے کا اور ہندوستان کے لیے دنیا کو اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ جس طرح سے ہندوستان نے عالمی برادری میں اپنی جگہ بنائی ہے، جس طرح سے ہندوستان سے توقعات بڑھی ہیں اور جس طرح ہندوستان عالمی سطح پر اپنی شراکت بڑھا رہا ہے، ہندوستان کے لئے جی۔20 کی صدارت حاصل کرنا بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے موجودہ عالمی حالات میں ہندوستان کو آگے لے جانے کے لیے ضروری نئے مواقع کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس اجلاس میں کئی اہم فیصلے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پی ایم مودی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں اس سیشن کے دوران بحث کی سطح کو اہمیت دیں گی۔ آپ کے خیالات فیصلوں کو نئی طاقت دیں گے اور سمت کو مزید واضح کرنے میں مدد کریں گے۔ خیال رہے کہ یہ اجلاس 29 دسمبر تک جاری رہے گا اور اس دوران 16 بل منظور کئے جا سکتے ہیں۔ اس سے قبل 6 دسمبر کو پارلیمنٹ کے احاطے میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ایک آل پارٹی میٹنگ ہوئی تھی جس میں تمام سیاستدانوں نے شرکت کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔