پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 15 دسمبر سے!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس سمیت حزب مخالف پارٹیوں کے لگاتار حملے کے بعد مودی حکومت نے 15 دسمبر سے 5 جنوری کے درمیان سرمائی اجلاس چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ خبر خصوصی ذرائع سے موصول ہو رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے تقریباً یہ طے کر لیا ہے کہ 15 دسمبر سے پارلیمنٹ کا اجلاس شروع کیا جائے گا۔ سرمائی اجلاس میں کی جا رہی تاخیر پر کانگریس صدر سونیا گاندھی اور حزب مخالف کے کئی لیڈروں نے آواز اٹھائی اور مودی حکومت پر سوال کا سامنا نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ سونیا گاندھی نے گزشتہ دنوں ہوئی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں یہاں تک کہہ دیا کہ مودی حکومت قصداً سرمائی اجلاس میں تاخیر کر رہی اور اس میں پارلیمنٹ کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے۔

دراصل حزب مخالف پارٹیوں کا کہنا ہے کہ گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی حالت کمزور ہے اس لیے وہ فی الحال سرمائی اجلاس نہیں کرانا چاہتی۔ جس طرح 15 دسمبر سے اس اجلاس کے شروع ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں، اس سے اس بات کی تصدیق بھی ہو رہی ہے۔ گجرات میں دوسرے اور آخری مرحلے کا انتخاب 14 دسمبر کو ہونا ہے جس کے اگلے دن سرمائی اجلاس کے شروع ہونے کا امکان ہے۔ حالانکہ اجلاس میں تاخیر سے متعلق جواب دینے کے لیے مرکزی حکومت نے اپنے وزراء کے ذریعہ بیان بھی دلوائے لیکن کسی تاریخ کا اعلان نہ ہونے کے سبب حزب مخالف نے مودی حکومت پر نشانہ جاری رکھا۔ جیٹلی کے ذریعہ یہ بیان دینے پر کہ ’’انتخابات کی وجہ سے اجلاس میں تاخیر ہو رہی ہے‘‘ نے بھی اپوزیشن لیڈروں کو بولنے کا موقع فراہم کیا۔ اس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ بی جے پی گجرات اسمبلی انتخابات سے پہلے کسی طرح کے سوال کا جواب نہیں دینا چاہتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔