سردی کا لاک ڈاؤن: دہلی، راجستھان، یوپی، بہار سمیت ٹھٹھر رہا پورا شمالی ہند، کئی جگہ ٹھنڈ نے توڑا ریکارڈ
محکمہ کے مطابق آئندہ 48 گھنٹے تک راجدھانی دہلی، یوپی، بہار سمیت دیگر شمالی ہند کی ریاستوں میں سرد لہر چلتی رہے گی اور پہاڑوں میں 8 جنوری کے بعد برف باری بھی ہو سکتی ہے۔
شمالی ہند کے لوگوں کو اس وقت سردی کے زبردست ستم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پہاڑوں پر جو برفیلی ہوائیں چل رہی ہیں، اس نے کئی ریاستوں کو کانپنے پر مجبور کر دیا ہے۔ دہلی ہو یا راجستھان، مدھیہ پردیش ہو یا یوپی، پنجاب ہو ہریانہ، اتراکھنڈ ہو یا بہار ہر جگہ سے سرد لہر اور شدید کہرے کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی سے شمالی ہند کو فی الحال کوئی راحت ملتی ہوئی بھی دکھائی نہیں دے رہی۔
جمعہ کے روز مختلف علاقوں میں سردی کی شدت سے متعلق بات کی جائے تو راجدھانی دہلی کے آیا نگر میں 1.8 ڈگری سلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ راجستھان کے بیکانیر میں تو حالت مزید خراب رہی کیونکہ یہاں کا کم از کم درجہ حرارت صفر ڈگری تک پہنچ گیا، اور چرو میں 1 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔ مدھیہ پردیش میں بھی شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے جہاں نوگاؤں میں کم از کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری اور کھجوراہو میں 2.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
پہاڑوں پر پہلے سے ہی ٹھنڈ کا ستم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اتراکھنڈ میں گزشتہ 83 دنوں سے بارش نہیں ہوئی ہے اور نومبر و دسمبر میں اتراکھنڈ میں معمول سے 98 فیصد بارش کم درج کی گئی ہے۔ جموں و کشمیر میں چلہ کلاں میں شدید ٹھنڈ اور سرد لہر کا دور جاری ہے۔
اتر پردیش اور بہار میں تو ٹھنڈ کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ اتر پردیش کے کانپور سمیت کچھ اضلاع میں ٹھنڈ کی وجہ سے لوگوں کو برین اسٹروک اور ہارٹ اٹیک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اور گزشتہ 48 گھنٹوں میں ہی درجنوں افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔ وارانسی اور اس کے آس پاس کے اضلاع میں ٹھنڈ کی صورت حال کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جمعرات کو ٹھنڈ نے اپنا 8 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ اسی طرح بہار میں بھی ٹھنڈ کا ستم جاری ہے جو اسپتالوں میں صاف دکھائی دے رہا ہے۔ گوپال گنج ضلع میں تو گزشتہ 24 گھنٹے میں 7 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور اسپتال میں برین اسٹروک کے مریض بڑی تعداد میں داخل کیے گئے ہیں۔ بہار کی راجدھانی پٹنہ میں کہرا اور سرد لہر گزشتہ کچھ دنوں سے لگاتار جاری ہے اور جمعہ کے روز بھی تیز سرد ہواؤں نے لوگوں کو گھروں میں قید کر دیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی ہند کو ٹھنڈ سے کم از کم دو دنوں تک راحت نہیں ملنے والی ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ 48 گھنٹے تک راجدھانی دہلی، یوپی، بہار سمیت دیگر شمالی ہند کی ریاستوں میں سرد لہر چلتی رہے گی اور پہاڑوں میں 8 جنوری کے بعد برف باری بھی ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔