بیلٹ سے ووٹنگ ہوتی تو اور بڑی جیت ہوتی: اکھلیش

ضمنی الیکشن میں جیت سے پرجوش سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ووٹنگ ای وی ایم مشینوں کی جگہ اگر بیلٹ پیپر سے ہوتی تو پارٹی اور بھی زیادہ ووٹوں سے کامیاب ہوتی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اکھلیش یادو نے نامہ نگاروں سے کہاکہ گورکھ پور اور پھول پور لوک سبھا سیٹ پر ہوئے ضمنی الیکشن میں اگر ای وی ایم مشین خراب نہیں ہوئے ہوتے تو سماج وادی پارٹی کو اور بھی زیادہ ووٹ ملتے ۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ سے ووٹ ڈالے جاتے تو سماج وادی پارٹی زیادہ ووٹوں سے کامیاب ہوتی۔

ریاست کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ گورکھ پور میں ای وی ایم پہلے سے خراب تھے۔ کئی مشینوں میں پہلے سے ہی ووٹ پڑے ہوئے تھے۔ یہ تمام چیزیں الیکشن کمیشن کو دیکھنی چاہئے ۔ ای وی ایم خراب کیوں ہوئی اور انہیں عین موقع پر مرمت کیوں کرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ کئی بوتھوں پر لوگ ای وی ایم مشین ٹھیک ہونے کا انتظار کرتے رہے جس سے سماج وادی پارٹی کو ووٹ کم ملے۔

ضمنی الیکشن میں فتح پر راہل نے مبارک باد دی ہے

اکھلیش یادو نے لوک سبھا کی گورکھ پور اور پھول پور سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے لئے کانگریس کے صدرراہل گاندھی کی مبارک باد تسلیم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اکھلیش نے پرمزاح انداز میں کہا ’میں کیوں بتاوں کے راہل جی کا کیا میسج آیا تھا۔ بعد میں انہوں نے تسلیم کیا کہ راہل گاندھی کا مبارکباد کا پیغام آیا تھا اور انہیں مبارک باد دینے کے لئے شکریہ بھی ادا کردیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی راہل گاندھی سے دوستی ہے کیوں کہ دونوں ہی نوجوان ہیں۔ یہ دوستی آئندہ بھی برقرار رہے گی۔ حالانکہ کانگریس کے ساتھ اتحاد کے بارے میں انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے کئی رہنماوں نے ضمنی الیکشن میں کامیابی یک لئے مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے ۔ اس کامیابی سے ملک میں ایک الگ پیغام گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔