کیا دہلی میں 31 مئی کے بعد لاک ڈاؤن ختم ہو جائے گا؟
دہلی میں 20 اپریل سے لاک ڈاؤن نافذ ہے اور پازیٹوٹی ریٹ 36 فیصد سے 1.53 فیصد تک آ گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کو آگے بڑھانے یا نہ بڑھانے کے سلسلہ میں جمعہ کے روز ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ ہونے جا رہی ہے
نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس کا بحران کم ہوتا نظر آ رہا ہے، جس کے سبب عوام کے ذہن میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ یہاں لاک ڈاؤن کو مزید آگے بڑھایا جائے گا یا نہیں۔ دہلی میں 20 اپریل سے لاک ڈاؤن نافذ ہے تاہم 22 اپریل کو جہاں پازیٹو ہونے کی شرح 36 فیصد تھی وہی اب گر کر 1.53 فیصد تک آ گئی ہے۔
حالات کا جائزہ لینے کے لئے جمعہ کو صبح 11.30 بجے دہلی ڈیزازسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس اجلاس میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل، وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور چیف سکریٹری سمیت تمام اعلیٰ افسران موجود رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران لاک ڈاؤن ختم کرنے یا نہ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ نیز، کورونا کی تازہ صورت حال کے ساتھ ہی ٹیکہ کاری پر بھی بحث کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بدھ کے روز 26 مئی کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کے سوال پر کہا کہ لاک ڈاؤن کو غیر معینہ مدت تک بڑھایا نہیں جا سکتا۔ لوگوں کی معاشی سرگرمیاں ختم ہو رہی ہیں۔ کام دھندے بند ہو رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں کس حد تک لاک ڈاؤن کھولا جائے گا کس طرح کھولا جائے گا، اس پر غور کریں گے۔ تاہم اگر اس کو ٹیکہ کاری سے جوڑ کر دیکھیں گے تو ویکسینیشن میں نہ جانے کتنے دن اور لگ جائیں گے۔
گزشتہ ہفتہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک ہفتہ کے لاک ڈاؤن کو بڑھانے کا اعلان کرتے وقت بتایا تھا ’’اگر اسی طرح سے انفیکشن کے معاملے کم ہوتے رہے تو اگلے ہفتہ یعنی 31 مئی سے لاک ڈاؤن کھلونے کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔