اوم پرکاش راجبھر کیا اکھلیش یادو سے ناراض ہیں اور سماجوادی پارٹی سے ناطہ توڑیں گے؟

اوم پرکاش راجبھر نے کہا کہ ناکامی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کامیابی کے لیے کوششیں دل سے نہیں کی گئیں، جو کمی رہ گئی ہے اسے ہم عوام کے پاس جا کر ہی دور کر سکتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے بعد سماج وادی پارٹی میں اندرونی خلفشار کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ کبھی اکھلیش یادو اور شیو پال یادو کی نااتفاقی تو کبھی اکھلیش یادو اور اعظم خان کے فاصلوں پر بحث ہو رہی ہے۔ ایسے میں یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا ان پارٹیوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے جنہوں نے یوپی انتخابات سے پہلے سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا تھا؟ ان جماعتوں میں سب سے نمایاں نام سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کا ہے۔ پارٹی کے قومی صدر اوم پرکاش راجبھر نے تمام مسائل پر آواز اٹھائی ہے۔ وہ اکثر مختلف مسائل پر بیانات دیتے رہے ہیں۔ فی الحال انہوں نے جو بیان دیا ہے، اس سے اکھلیش یادو اور سماج وادی پارٹی پر سوال اٹھ رہے ہیں۔

اوم پرکاش راجبھر نے کہا، "ناکامی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کامیابی کے لیے کوشش پورے دل سے نہیں کی گئی، جس کے نتائج ہمیں بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ جو کمی رہ گئی ہے اسے ہم عوام کے پاس جا کر ہی دور کر سکتے ہیں۔ ہم ان سے (اکھلیش یادو سے) چار سے پانچ متربہ یہ بات کہہ چکے ہیں۔‘‘


راجبھر نے کہا، ’’ان کی پارٹی کے بہت سے لوگوں نے مجھ سے کہا ہے کہ ان سے کہیں کہ وہ گھر چھوڑ کر لوگوں سے ملاقات کریں۔ چار ماہ قبل جب ہم ان کے ساتھ آئے تھے تو ہم نے ان کے ساتھ اپنے علاقوں میں طاقت دکھائی تھی لیکن ان کے علاقوں میں ہی ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تو ہم کیا کریں!

یوپی انتخابات کے بعد کئی بار ایسی خبریں سامنے آئیں کہ اوم پرکاش راج بھر سماج وادی پارٹی اور اکھلیش یادو کے کام کرنے کے انداز سے خوش نہیں ہیں اور بی جے پی میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ تاہم راجبھر نے خود ہی ایسی خبروں کی تردید کی ہے لیکن اب انہوں نے جو بیان دیا ہے اس سے صاف ہے کہ راجبھر اکھلیش یادو کے کام کرنے کے انداز سے خوش نہیں ہیں۔ ایسے میں یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ کیا راجبھر اکھلیش یادو کو الوداع کہنے جا رہے ہیں؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔