کیا ہماچل میں بھی تبدیل ہوگی قیادت؟ وزیر اعلیٰ کی ایک ہفتہ میں دو مرتبہ دہلی حاضری پر اٹھے سوال

ہماچل پردیش میں وزیر اعلیٰ تبدیل کرنے کی خبروں نے زور اس وقت پکڑا جب محض ہفتہ بھر میں جے رام ٹھاکر کل دوسری بار دہلی پہنچے۔

جے رام ٹھاکر، تصویر آئی اے این ایس
جے رام ٹھاکر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی کئی ریاستوں میں قیادت کو تبدیل کر چکی ہے۔ ہماچل پردیش میں بھی اگلے سال انتخابات ہونے ہیں۔ وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر دہلی دورے پر ہیں اور ان کے اس دورے نے بھی قیادت کی تبدیلی کی خبر کو ہوا دی ہے۔

گزشتہ روز سیاسی قیاس آرائیوں کے درمیان دیر شام خود وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر نے قیادت کی تبدیلی کے سوال پر سیدھا جواب نہیں دیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ان کا یہ دورہ پہلے ہی سے طے تھا۔ دراصل ہماچل پردیش میں وزیر اعلیٰ تبدیل کرنے کی خبروں نے زور اس وقت پکڑا جب محض ہفتہ بھر میں جے رام ٹھاکر کل دوسری بار دہلی پہنچے۔ یوں بھی بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں ان دنوں الٹ پھیر ہو رہی ہے۔


چھ مہینے میں بی جے پی نے اتراکھنڈ، کرناٹک اور گجرات میں چار وزرائے اعلیٰ تبدیل کئے ہیں۔ وجے روپانی کی جگہ 13 ستمبر کو بھوپیندر پٹیل نے گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ جولائی میں بی ایس یدی یورپا کو ہٹا کر بی ایس بومئی کو کرناٹک کا وزیر اعلیٰ بنایا۔

اتراکھنڈ میں گزشتہ مارچ ماہ میں ترویندر سنگھ راوت کو ہٹا کر تیرتھ سنگھ راوت کو وزیر اعلیٰ بنایا تھا ور پھر چار مہینے بعد تیرتھ سنگھ راوت کو ہٹا کر پشکر سنگھ دھامی کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ صدر رام ناتھ کووند جمعہ کے روز ہماچل پردیش اسمبلی میں ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وہ ہماچل پردیش کو ریاست کا درجہ دیئے جانے کی گولڈن جوبلی کے موقع پر صبح 11 بجے اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔