ریاستی درجے کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے: عمر عبداللہ
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے شوپیاں اور وچی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی کی حکومت پر شدید تنقید کی اور ریاستی درجے کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے اعلان کیا
سری نگر: جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج شوپیاں اور وچی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی کی حکومت پر شدید تنقید کی اور ریاستی درجے کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے اعلان کیا۔ انہوں نے پی ڈی پی پر الزام عائد کیا کہ اس نے جموں و کشمیر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے حالیہ بیان میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو ریاستی درجے کی بحالی کے وعدے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا، ’’یہ الیکشن ہم نے سپریم کورٹ میں لڑ کر کرایا، آپ نے نہیں دیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ دوبارہ سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے تاکہ ریاستی درجہ واپس حاصل کیا جا سکے۔
عمر عبداللہ نے شوپیاں میں جلسے کے دوران مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس ایسی طاقتوں کے خلاف لڑ رہی ہے جو جموں و کشمیر کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں ناکام رہی ہے اور اس نے صرف گرفتاریوں، تشدد اور پی ایس اے کے کیسز میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت آنے پر پی ایس اے قانون کو ختم کیا جائے گا تاکہ اس کا غلط استعمال نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس نے اپنے منشور میں ایک لاکھ نوکریاں دینے، مفت تعلیم بحال کرنے اور ہر گھر کو 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے معاشی طور پر پسماندہ گھرانوں کو سالانہ 12 گیس سلینڈر دینے، گوجر، بکروال اور پہاڑیوں کے جنگلات کے حقوق کی بحالی اور کشمیر کی سیب صنعت کو بچانے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے وسائل کا پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کو دریا، پہاڑوں، جنگلات اور معدنیات کے حقوق سے محروم کیا گیا ہے اور نیشنل کانفرنس کی حکومت آنے پر ان سب حقوق کو واپس دلایا جائے گا۔
پی ڈی پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ 2014 میں عوام نے پی ڈی پی کو آزمایا لیکن پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ حکومت بنائی اور ریاست کو تباہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس ہی واحد جماعت ہے جو بی جے پی کا مقابلہ کر سکتی ہے اور جموں و کشمیر کی ترقی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
عمر عبداللہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کی حمایت کریں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان کا ووٹ بی جے پی کی مدد نہ کرے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔