مدھیہ پردیش میں اس بات کے لیے لڑیں گے کہ بی جے پی اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے: جیتو پٹواری

مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے اتوار کو کہا کہ کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے دوران عام لوگوں سے بی جے پی کی طرف سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے سڑکوں پر اترنے اور لڑنے کا فیصلہ کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے اتوار کو کہا کہ کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے دوران عام لوگوں سے بی جے پی کی طرف سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے سڑکوں پر اترنے اور لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یوتھ کانگریس کارکنوں سے زور دیا کہ وہ اس جنگ کو مضبوطی سے لڑیں۔

پٹواری نے ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر کے آڈیٹوریم میں مدھیہ پردیش یوتھ کانگریس کے ریاستی عہدیداروں اور یوتھ کانگریس کے ضلع اور سٹی صدور کے ساتھ میٹنگ کی اور تنظیمی طاقت اور آئندہ لوک سبھا انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ پٹواری نے میٹنگ میں کہا، ’’2023 کے اسمبلی انتخابات کے نتائج نے سب کو چونکا دیا ہے لیکن ہمیں مایوس نہیں ہونا چاہیے، یوتھ کانگریس ریاست کی توانائی ہے، جو جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتی ہے اور ہم آئندہ لوک سبھا انتخابات پوری طاقت کے ساتھ لڑیں گے اور اچھے نتائج حاصل کریں گے۔


انہوں نے کہا، ’’دنیا کی تمام نوجوانوں کی تنظیمیں ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، اس لیے ہمیں تنظیم اور انتخابات میں پوری صلاحیت کے ساتھ اپنی شرکت کو یقینی بنانا ہوگا۔ انتخابات میں جیت اور ہار ایک عمل ہے۔ ہم سب کانگریس پارٹی کی تنظیم کی حمایت کر کے اسے مضبوط کریں گے۔ آنے والا وقت نوجوانوں کا ہے۔

پٹواری نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں لاڈلی بہنوں کو 3000 روپے دینے اور 450 روپے میں گیس سلنڈر دینے کا وعدہ کیا تھا، اس کی لڑائی ہم ایوان سے میدان تک لڑیں گے۔ وہیں، کسانوں کو دھان کی 3100 روپے اور گندم کی 2700 روپے کسانوں کو امدادی قیمت دلانے کے لیے لڑیں گے۔‘‘


یوتھ کانگریس کے صدر وکرانت بھوریا نے کہا، "نوجوان دوست اسمبلی انتخابات کے نتائج سے مایوس ہیں لیکن ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہم نے پہلے بھی جدوجہد کی ہے اور مستقبل میں بھی جدوجہد کریں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں ہم اپنی پوری طاقت کے ساتھ تنظیم کو مضبوط کریں گے۔‘‘

ریاستی کانگریس کے نائب صدر راجیو سنگھ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں پورے جوش اور طاقت کے ساتھ کام کریں۔ دریں اثنا، یوتھ کانگریس سکریٹری مدھیہ پردیش کے انچارج اکھلیش یادو نے ایک پریزنٹیشن کے ذریعے بوتھ سطح تک نوجوانوں کے کام کاج پر تبادلہ خیال کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔