کسانوں-مزدوروں کے لئے سڑک سے ایوان تک لڑیں گے: سکھ پال کھیرا
آل انڈیا کساسن کانگریس کے نو تقررشدہ چیئرمین سردار سکھ پال سنگھ کھیرا کا کہنا ہے کہ کسانوں اور مزدوروں کے مسائل کے حوالہ سے سڑک سے لے کر سدن (ایوان) تک مستعدی سے لڑائی لڑی جائے گی
نئی دہلی: آل انڈیا کساسن کانگریس کے نو تقررشدہ چیئرمین سردار سکھ پال سنگھ کھیرا کا کہنا ہے کہ کسانوں اور مزدوروں کے مسائل کے حوالہ سے سڑک سے لے کر سدن (ایوان) تک مستعدی سے لڑائی لڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمت چاہے جتنا سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کر لے، وہ ذرا بھی نہیں کھبرائیں گے اور حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج درج کرائیں گے۔ نوتقررشدہ چیئرمیمن سکھ پال سنگھ کھیرا کسان کانگریس کی دو روزہ ورکشاپ کے دوران عہدیداران سے خطاب کر رہے تھے۔
سکھ پال کھیرا نے کہا کہ کسان کانگریس کے رخصت پذیر چیئرمین نانا پٹولے اور ان کی ٹیم مبارک باد کے مستحق ہیں، جنہوں نے مخالف حالات میں بھی پارٹی کا پرچم بلند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تین زرعی قوانین متعارف کرا کر ملک کے کسانوں اور مزدوروں کے ساتھ دھوکہ کیا۔ اس کے بعد آج تک نہ تو ایم ایس پی کی قانونی ضمانت دی گئی اور نہی ہی کسی متاثرہ کسان کی مالی اعانت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس میں ایسے لوگوں کو شامل کیا گیا ہے جو سیاہ قوانین کے حامی رہے ہیں۔ لہذا سنیوکت کسان مورچہ نے اس کمیٹی کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کانگریس کسانوں کے لئے بلا تاخیر سوامی ناتھن کمیشن کی رپورٹ کو سی-2 فارمولہ کے ساتھ نافذ کرانے اور ایم ایس پی کی قانونی ضمانت دلانے کے لئے جدوجہد کرے گی۔
ورکشاپ کے دوران ملک بھر سے تشریف لانے والے کسان کانگریس کے عہدیداران نے اپنی اپنی ریاستوں کے سلگتے ہوئے مسائل کو پیش کیا۔ کسان کانگریس کے چیئرمین سکھ پال کھیرا نے تمام حاضرین کی باتوں کو توجہ کے ساتھ سنا اور کہا کہ وہ اپنے دورے پر ان تمام مسائل کو اٹھاتے ہوئے مرکز کے ساتھ ریاستی حکومتوں پر بھی کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے دباؤ بنانے کی پرزور کوشش کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔