سومترا خان کے ’طلاق‘ والے بیان پر بیوی سجاتا کا پھوٹا غصہ، بی جے پی سے پوچھا تلخ سوال

بی جے پی رکن پارلیمنٹ سومترا خان کی اہلیہ سجاتا منڈل نے سوال کیا ہے کہ ’’مسلم خواتین کے ساتھ ہمدردی کرنے والے میرے شوہرکے ذریعہ میڈیا میں طلاق دینے کے اعلان پر خاموش کیوں ہے؟‘‘

سومترا خان اور سجاتا منڈل، تصویر آئی اے این ایس
سومترا خان اور سجاتا منڈل، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہونے والی بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سومترا خان کی اہلیہ سجاتا منڈل نے اپنے شوہر کے ذریعہ طلاق دئیے جانے کے اعلان پرتنقید کرتے ہوئے آج کہا کہ ’’ایک طرف بی جے پی مسلم خواتین کی ہمدرد ہونے کا دعویٰ کرتی ہے اور تین طلاق پر پابندی کا کریڈٹ لیتی ہے، مگر دوسری طرف بی جے پی رکن پارلیمنٹ صرف اس وجہ سے مجھے طلاق دینے کا میڈیا کے ذریعہ اعلان کردیا کہ میں نے ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

سجاتا منڈل نے اپنے شوہر سومترا خان کے طلاق والے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ ’’مجھے امید ہے پی ایم مودی اور بی جے پی کی مرکزی قیادت اس پر نوٹس لیں گے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ گرچہ میں خاتون ہوں اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سومترا خان کی اہلیہ ہوں مگر میری اپنی بھی ایک شخصیت ہے ۔ میں اپنی مرضی سے آزادانہ ماحول میں سانس لینے کےلئے ترنمول کانگریس میں شامل ہوئی ہوں ۔مگر صرف اس وجہ سے میرے شوہر نے برسر عام طلاق دینے کا اعلان کردیا ہے ۔ سومترا خان کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے سجاتا منڈل نے مزید کہا کہ ’’میں ترنمول کانگریس میں شامل ہوتے وقت بھی اپنے ماتھے پر سندور، جو ایک شادی شدہ خاتون کا سنگھار ہوتا ہے، لگائے ہوئی تھی۔ میری شادی محبت میں ہوئی تھی اور شادی کے بعد میرے شوہر نے تحفہ میں بالا دیا تھا جسے میں پہنے ہوئی تھی۔‘‘


سجاتا منڈل خان نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’شادی شد ہ زندگی الگ ہوتی ہے اور سیاسی زندگی الگ ہے، لیکن میری سیاسی زندگی کی وجہ سے مجھے طلاق دے دیا جائے تو اس سے زیادہ افسوس کی بات کیا ہوسکتی ہے۔وہ لوگ کہاں ہیں جو خواتین کی عزت اور وقار کی بات کرتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔