تلنگانہ: ریونت کی گرفتاری کاحکم دینے والی ایس پی پر کارروائی،ای سی نے کیا تبادلہ
ہائی کورٹ نے تلنگانہ کے ڈی جی پی سے سوال کیا کہ آدھی رات کو ریونت ریڈی کو گرفتار کیوں کیا گیا؟ وہیں گرفتاری کا حکم دینے والی ایس پی ٹی اناپورنا کا الیکشن کمیشن نے تبادلہ کر دیا ہے۔
حیدرآباد: حیدرآباد ہائی کورٹ نے تلنگانہ کانگریس کے کارگزار صدر و کوڑنگل اسمبلی حلقہ کے امیدوار ریونت ریڈی کی رات دیر گئے پولس کی جانب سے ان کے گھر سے گرفتاری سے متعلق پولس کے موقف پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ریڈی کو کل صبح اولین ساعتوں میں پولس نے ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا کیونکہ انہوں نے کوڑنگل میں تلنگانہ کے کارگزار وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کے جلسہ میں رکاوٹ کے لئے بند کی اپیل کی تھی تاہم کانگریس کی ہائی کورٹ میں اس گرفتاری کے خلاف لنچ موشن عرضی پر ہائی کورٹ نے مداخلت کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو رہا کرنے کی ہدایت دی تھی۔ عدالت کی مداخلت کے بعد ریونت ریڈی کو شام میں رہا کردیا گیا تھا۔
اس معاملہ کی آج بھی ہائی کورٹ نے سماعت کی اور پولس سے یہ سوال کیا کہ آدھی رات کو ریونت ریڈی کو گرفتار کیوں کیا گیا؟ عدالت نے اس کا جواب دینے کی ڈی جی پی کو ہدایت دی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ انٹلی جنس کی اطلاع پر ریڈی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس پر بنچ نے سوال کیا کہ انٹلی جنس کی اطلاع پر رات دیر گئے ان کو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت تھی۔
ایک طرف جہاں ریونت ریڈی کی گرفتاری پر حیدرآباد ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا ہے وہیں دوسری طرح الیکشن کمیشن نے بھی اس معاملہ میں سختی اختیار کرتے ہوئے ریونت کی گرفتاری کا حکم دینے والی ایس پی کا تبادلہ کر دیا ہے۔ وقارآباد کی ایس پی ’ٹی اناپورنا‘ کی جگہ 2005 کے آئی پی ایس بیچ کے افسر اویناش موہنتی کو ان کے عہدہ پر فائز کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے لیٹر جاری کرتے ہوئے آئی پی ایس موہنتی سے 5 دسمبر کو 2 بجے تک عہدہ سنبھالنے کو کہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے لیٹر میں کہا گیا ہے، ’’آئی پی ایس ٹی اناپورنا کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپنا عہدہ فوری طور پر اویناش موہنتی کو سونپ کر صدر دفتر میں رپورٹ کریں۔ یہ بھی ہدایت دی جاتی ہے کہ آئی پی ایس اناپورنا کی الیکشن کے دوران خدامت نہیں لی جائیں گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Dec 2018, 2:09 PM