بھاگلپور میں آر پی ایف نے 169 لوگوں کو کیوں کیا گرفتار؟ اچانک کارروائی سے پیدا ہوئی افرا تفری

آر پی ایف کے انسپکٹر رندھیر کمار نے بتایا کہ سلطان گنج، بھاگلپور سمیت مختلف اسٹیشنوں اور مختلف ٹرینوں میں الگ الگ وجوہات کے بنا پر گرفتاری کی کاروائی کی گئی ہے۔

گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

صوبہ بہار کے بھاگلوپور سے ایک بڑی خبر نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ آر پی ایف نے ایک ساتھ کئی جگہوں پر کارروائی کرتے ہوئے الگ الگ معاملوں میں مجموعی طور پر 169 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ دراصل درگا پوجا کے دوران چین پلنگ کر کے ٹرین کو روکنے اور آمد و رفت میں رخنہ ڈالنے کے معاملوں میں ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے یہ گرفتاری کی ہے۔ اچانک ہوئی اس طرح کی کارروائی سے ایک افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ گرفتار لوگوں کے اہل خانہ بھی انھیں چھڑانے کے لیے بھاگتے دوڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

آر پی ایف کے انسپکٹر رندھیر کمار نے بتایا کہ سلطان گنج، بھاگلپور سمیت مختلف اسٹیشنوں اور مختلف ٹرینوں میں الگ الگ وجوہات کے بنا پر یہ سخت کاروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرین میں چین پلنگ کے الزام میں 11 لوگ، ٹرین کے معذور کوچ میں زبردستی سفر کرنے کو لے کر 34 لوگ، ٹرین اور اسٹیشن کے احاطے میں بد امنی پھیلانے اور سرکاری ملازمین کی ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالنے والے 6 لوگ، غیر قانونی طور پر ریلوے یارڈ میں گھسنے اور ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پلیٹ فارم پر جانے کے لئے ریلوے ٹریک کے استعمال کے الزام میں 71 لوگ، خواتین کے کوچ میں سفر کرنے کے الزام میں 20 لوگ اور ٹرینوں میں غیر قانونی طریقے سے کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے 23 وینڈرس کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ بھی کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ آئے دن ہو رہے ریل حادثات کو پیش نظر رکھتے ہوئے آر پی ایف کے ساتھ ساتھ دیگر ریلوے سیکورٹی اہلکار بھی مستعد نظر آ رہے ہیں۔ خاص طور سے تہوار کے موقع پر بھیڑ کی وجہ سے ان کی مستعدی کچھ زیادہ ہی بڑھی ہوئی ہے۔ تہوار کے موقع پر ٹرینوں میں بھیڑ کا بڑھنا عام بات ہے، اسی لیے ریلوے اسپیشل ٹرینیں بھی چلاتی ہے۔ ٹرینوں میں خواتین و معذور افراد کی سہولت کے لیے خصوصی ڈبے ہوتے ہیں، لیکن ان ڈبوں میں کئی بار غلط طریقے سے مرد مسافروں کو چڑھا ہوا دیکھا جاتا ہے۔ اس سے خواتین اور معذوروں کو پریشانی ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آر پی ایف نے خصوصی مہم چلا کر غلط طریقے سے سفر کرنے والوں اور پلیٹ فارم پر بے ضابطگی کرنے والوں کو گرفتار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔