اوما بھارتی ایم پی کی اپنی ہی حکومت سے ناراض کیوں ہوئیں؟ شیوراج حکومت پر لگایا نشانہ

سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے شدید ردعمل کے بعد بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی نے بھی حکومت پر نشانہ لگایا اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا

اوما بھارتی کی فائل تصویر 
اوما بھارتی کی فائل تصویر
user

قومی آواز بیورو

بھوپال: بی جے پی کی سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی نے مدھیہ پردیش کے شہڈول ضلع میں ریت مافیا کے ہاتھوں پٹواری کے قتل کو حکمرانی پر بدنما داغ قرار دیا ہے۔ اس واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اوما بھارتی نے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پی سی سی چیف اور سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے بھی کہا ہے کہ ریاست میں شیوراج حکومت کے دوران پنپنے والی بدعنوانی اور گھوٹالوں کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔

ہفتہ-اتوار کی درمیانی شب شہڈول ضلع کے بیوہاری میں دریائے سون کے گوپال پور گھاٹ پر غیر قانونی کانکنی روکنے کے لیے آئے پٹواری پرسنا سنگھ کو ریت مافیا نے ٹریکٹر سے چڑھا کر ہلاک کر دیا۔ موقع سے فرار ہونے والے باقی تین پٹواریوں کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم ٹریکٹر ڈرائیور شبھم وشوکرما اور ٹریکٹر مالک نارائن سنگھ کو گاؤں مہر کے کنواں (تھانہ رام نگر) سے گرفتار کر لیا ہے۔ جو کہ پون سنگھ اور سونو سنگھ کا ہے جو کہ مہر کے رہنے والے ہیں۔


ایس پی کمار پرتیک نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف دفعہ 302، 379 آئی پی سی اور 4/21 منرل ایکٹ اور موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کیس کی تفتیش جاری ہے۔ اتوار کو پٹواری پرسنا سنگھ کی لاش کو بنساگر اسپتال لے جایا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو ان کے آبائی گاؤں ریوا بھیج دیا گیا۔

اس واقعہ کے تعلق سے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے شدید ردعمل کے بعد بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی نے بھی حکومت پر نشانہ لگایا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اوما بھارتی نے لکھا، ’’شہڈول کے بیوہاری میں کان کنی مافیا کے ذریعہ غیر قانونی کانکنی روکنے کی وجہ سے ایک سرکاری ملازم کا قتل، مدھیہ پردیش کا پورا نظام معاشرے، گورننس اور انتظامیہ کے لیے بدنما اور شرمناک ہے، مجرموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جانی چاہیے۔‘‘

شیوراج حکومت پر حملہ کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ مدھیہ پردیش میں ریت مافیا نے کسی سرکاری اہلکار کو اس طرح کچل کر مار ڈالنے کی واردات منظر عام پر آئی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مدھیہ پردیش میں ریت مافیا نے اس طرح سے کسی سرکاری شخص کو کچل کر مارا ہو۔ یہ صورت حال شیوراج حکومت کے دوران پروان چڑھنے والی بدعنوانی اور گھوٹالوں کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔ میں خدا سے مرحوم کی روح کے سکون کی دعا کرتا ہوں۔ خدا ان کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔ میں انتظامیہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مرحوم پٹواری کے اہل خانہ کی مناسب مالی مدد کی جائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔