مودی حکومت نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ کیوں نہیں دیا! کیجریوال
اروند کیجریوال نے دارالحکومت میں جاری سیلنگ کے معاملے پر کہا کہ اس معاملے میں پی ایم کو جواب دینا چاہیے کہ حکمراں جماعت نے کیوں سیلنگ مہم شروع کی جس سے چھوٹے کاروباریوں کا ذریعہ معاش متاثر ہوگیا ہے۔
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخر انہوں نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ کیوں نہیں دیا اور اگر ایسا ہوگیا ہوتا تو دارالحکومت کے لوگوں کے کئی مسائل حل ہوگئے ہوتے۔
کیجریوال نے یہاں پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے سوال کیا کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کی سمت میں آخر وزیر اعظم نے کوئی قدم کیوں نہیں اٹھایا۔ اگر ایسا ہوگیا ہوتا تو اس سے یہاں کے لوگوں کے بہت سارے مسائل کا حل ہوجاتا۔ دارالحکومت میں جاری سیلنگ کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں وزیر اعظم کو جواب دینا چاہیے کہ آخر حکمراں جماعت نے کیوں سیلنگ مہم شروع کی جس سے چھوٹے کاروباریوں کا ذریعہ معاش متاثر ہوگیا ہے۔
کیجریوال نے راجدھانی میں غیر قانونی بستیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر سیاسی جماعت نے ان کو نظر انداز کیا اور انہیں صرف ووٹ بینک کی طرح استعمال کیا ہے اور ان کی ترقی کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ’اب ان پارٹیوں کا منصوبہ انہیں گراکر اس زمین کو پرائیوٹ بلڈروں کو سونپنے کا ہے لیکن جب تک کیجریوال زندہ ہے تب تک کوئی بھی ان کالونیوں کے ایک بھی گھر کو ہاتھ نہیں لگاسکتا ہے۔“
کیجریوال نے کہا کہ پارلیمنٹ میں لوگوں کی نمائندگی کرنے والے عام آدمی پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ ان کالونیوں کے لوگوں کی آواز کو موثر طریقے سے اٹھائیں گے تاکہ ہر کوئی ان کے مسائل سے آگاہ ہوسکے۔ کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ اب انہیں بتادینا چاہیے کہ پاکستان کے ساتھ ان کا کیا تعلق ہے۔ اس سے پہلے کیجریوال نے مودی پر پاکستان کے ساتھ تعلقات رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بھی چاہتے ہیں کہ مودی کو دوبارہ ہندوستان کا وزیر اعظم بننا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔